اعظم خان کے منہ سے سنتے تک نہیں مانوں گا،سابق وزیراعظم

اسلام آباد،لاہور(بیورورپورٹ،خبر نگار)چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم نے رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاجب تک اعظم خان کے منہ سے نہیں سنوں گا، نہیں مانوں گا،عدالت پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا اعظم خان ایماندار آدمی ہیں جب تک منہ سے نہیں سنوں گا بیان کو نہیں مانوں گا۔

تحریک انصاف نے اعظم خان سے منسوب بیان پر اپنے رد عمل میں کہا گزشتہ ایک ماہ سے لاپتہ سابق پرنسپل سیکرٹری سے منسوب غیرمصدقہ بیان تضادات کا مجموعہ ہے، اعظم خان کے بیان کی حقیقت تو ابھی طے ہونا باقی ہے مگر حقیقت یہ ہے وہ 17جون سے لاپتہ ہیں، ایک گمشدہ شخص کی جانب سے مجسٹریٹ کے روبرو 164کا بیان کا ریکارڈ کرایا جانا ماہرین قانون کی نگاہ میں ناقابل تصور ہے۔

ترجمان نے کہا لاپتہ شخص کے مبینہ طور پر164کے بیان کے مندرجات کا خلاف قانون افشا ں ہونا اپنی نوعیت کا الگ جرم ہے، اعظم خان کا مبینہ بیان اسی سلسلے کی کڑی دکھائی دیتی ہے جس سے زیر حراست افراد استحکام یا پارلیمنٹرینز کی صفوں میں سے برآمد یا پریس کلبز سے بازیاب ہوتے ہیں، پی ٹی آئی چیئرمین قوم کو آگاہ کر چکے ہیں کیسے سیاست سے باہر کرنے کیلئے طاقت و جبر کے بل پر وعدہ معاف گواہ تیار کرنے کی کوششیں جاری ہیں، نہایت عجلت و فرسٹریشن میں ذرائع ابلاغ کو جاری کیا گیا سکرپٹ سائفر پر ریاستی موقف کیلئے تباہ کن ہے۔

پی ٹی آئی نے کہا قومی سلامتی کمیٹی 2مختلف وزرائے اعظم کی صدارت میں ہونے والے اجلاسوں میں سائفر کے مندرجات کی تصدیق کرچکی ، قومی سلامتی کمیٹی کے 2 مختلف ادوار میں ہونے والے اجلاسوں میں پوری سول و عسکری قیادت نے سائفر کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں صریحاًمداخلت قرار دیا،سائفر کی بنیاد پر ہی امریکہ کو اسلام آباد اور واشنگٹن میں ڈیمارش کیا گیا، سپیکر قومی اسمبلی اور صدر مملکت نے سائفر پر جامع و موثر تحقیقات کیلئے چیف جسٹس سے سفارشات کیں، چیئرمین تحریک انصاف نے پہلے بطور وزیراعظم اور بعدازاں ملک کی سب سے بڑی پارلیمانی و عوامی جماعت کے سربراہ کے طور پر سائفر کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

ترجمان نے مزید کہاوفاقی حکومت افواہ سازوں اور جھوٹے بیانیوں کے کارخانے چلانے کی بجائے اعظم خان پرعدالت ،قوم کو حقیقت سے آگاہ کرے، بتایا جائے اعظم خان کس کی تحویل میں ہیں، کس مقدمے میں گرفتار اور بیان ریکارڈ کیا گیا،جاتی امرا ءکا مسخرہ پردوں میں چھپنے کی بجائے قوم کے سامنے آئے اور سوالات کے جواب دے، نہایت محنت و مشقت سے تراشہ گیا جھوٹ کا ہر مجسمہ قوم اپنے پاﺅں کی ٹھوکروں سے پاش پاش کررہی ہے۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے سائفر کے معاملے پر ایک مرتبہ پھر چیف جسٹس سے تحقیقات کرنے کا مطالبہ کردیا۔

حماد اظہر نے کہا نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے منٹس اور پریس ریلیز کو بھی انکوائری کیلئے استعمال کیا جانا چاہیے، بتانا چاہیں گے اسلام آباد پولیس نے عدالت کے سامنے کہا اعظم خان اغوا ہوئے،اسلام آباد پولیس نے عدالت کے سامنے کہا اعظم خان کا ٹھکانہ معلوم نہیں ، اچانک اعظم خان سے منسوب بیانات کی فوری تحقیقات کی جانی چاہئیں