ڈونلڈ ٹرمپ حملہ کیس میں شامل تفتیش، جلد گرفتاری کا خدشہ

واشنگٹن (مشرق نیوز) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو چھ جنوری حملہ کیس میں شامل تفتیش کرلیا گیا، ٹرمپ پر کیپٹل ہل پر حملے کیلئے اکسانے کا الزام ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے تفتیش میں شامل کئے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے اپنی جلد گرفتاری کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔سابق امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں سپیشل کونسل کی جانب سے ایک ٹارگٹ لیٹر موصول ہوا ہے جس میں لکھا ہے کہ وہ گرانڈ جیوری کی تحقیقات کے نشانے پر ہیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی وفاقی پراسیکیوٹر پیٹر زیڈنبرگ نے کہا کہ کسی ملزم کو ٹارگٹ لیٹر ملنا اس بات کی علامت ہے کہ اسے متنبہ کیا جائے کہ آپ پر فرد جرم عائد کی جارہی ہے۔