برمنگھم (مشرق نیوز)برمنگھم میں ایک تقریب میں کشمیری سیاسی نظربندوں کی رہائی کیلئے مہم کا آغاز کرتے ہوئے مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کشمیری سیاسی نظربند مقبوضہ جموں و کشمیر میں تحریک آزادی کے اصل ہیرو ہیں اور ان کی غیر قانونی نظربندی سے رہائی کےلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب اور دیگر رہنماﺅں مفتی عبدالمجید ندیم اور چوہدری اکرام الحق کے ہمراہ کشمیری سیاسی نظربندوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دباﺅ بڑھانے کیلئے مختلف اقدامات کا اعلان کیا۔فہیم کیانی نے برمنگھم میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے نوآبادیاتی اور سامراجی عزائم کو تیزی سے آگے بڑھا رہا ہے اور کشمیریوںکو بھارت کے مذمو م عزائم کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو فروغ دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری سیاسی نظربندوں کے حوالے سے عالمی برادری کو آگاہ کرنے اور انکی رہائی کیلئے مختلف عالمی شہروں میں سیمینارز، کانفرنسیں اور ریلیاں منعقد کرنے کیلئے تحریک کشمیر اپنے لیڈروں اور اتحادیوں کو متحرک کر رہی ہے۔
برطانیہ میں کشمیری سیاسی نظربندوں کی رہائی کیلئے مہم کاآغاز



















