نگران وزیراعلیٰ زرعی معیشت کا فروغ چاہتے ، تجاویز وفاق کو دینگے :ابراہیم حسن مراد

لاہور ( کامرس رپورٹر) نگران وزیر لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب ابراہیم حسن مراد نے کہا ہے کہ میٹ ایکسپورٹرز کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، میٹ ایکسپورٹرز کیلئے ون ونڈو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انسٹی ٹیوٹ آف ویٹرنری ریسرچ لاہور کینٹ میں میٹ ایکسپورٹرز کے ساتھ ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی زرعی معیشت کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ گوشت کے برآمد کنندگان کی تجاویز وفاقی حکومت تک پہنچائیں گے۔ اجلاس میں سیکرٹری لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب مسعود انور، وائس چانسلر ویٹرنری یونیورسٹی نعیم احمد اور دیگر افسروں نے بھی شرکت کی۔ پنجاب کے مختلف میٹ ایکسپورٹرز نے اپنی تجاویز اور مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔نگران وزیر لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب ابراہیم حسن مراد نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ دنیا میں حلال گوشت کی سالانہ تجارت 2 ہزار ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے لیکن ڈیری پیداوار میں دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہونے کے باوجود پاکستان کا میٹ ایکسپورٹ میں حصہ بہت کم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب سے حلال گوشت کی برآمد میں تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔ پنجاب کا ملک میں لائیوسٹاک میں سب سے زیادہ حصہ ہے تاہم ڈیری اکنامک پراسیسنگ زون نہ ہونے کے باعث مطلوبہ اہداف حاصل نہیں ہوتے۔ اس موقع پر سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب مسعود انور نے کہا کہ چین نے بھی پاکستان سے بیف امپورٹ کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ چین سمیت دیگر ممالک کو بیف کی برآمد سے کروڑوں ڈالر کا زرمبادلہ مل سکتا ہے۔ سیکرٹری لائیوسٹاک نے یقین دلایا کہ بیف ایکسپورٹرز کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کی جائیں گی۔