موٹر ویز اور قومی شاہراہوں پر بہترین سفری سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے :مولانا اسعد محمود

عیسیٰ خیل (نمائندہ مشرق) موٹر ویز اور قومی شاہراہوں پر مسافروں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی ہماری اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔ سی پیک پر جلد کام مکمل کرنے کی ہدایات، وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کا سی پیک کا دورہ۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز موٹرویز سلطان علی خواجہ نے انہیں بتایا کہ موٹرویز اور سی پیک پر حادثات کی روک تھام کیلئے اعلی حکام کی ہدایات پر ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے سی پیک(M-14)پر سفر کرنے والے مسافروں کیلئے سفری سہولیات اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور ترقیاتی کاموں کو مزید تیز اور جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔مولانا اسعد محمود کے حالیہ دورہ سی پیک M-14 پر ھکلہ، دریائے سندھ اور عبدل خیل سروس ایریا قیام و طعام میں ترقیاتی کاموں، پٹرول فراہمی، پمپس کی تعمیر ،مساجد اور شاپس و ہوٹلز کی تعمیر کا جائزہ لیا گیا۔ حالیہ دورہ میں موٹروے حکام ،سیکرٹری مواصلات کیپٹن (ر) خرم آغا ، چیف سیکرٹری پنجاب، چیئرمین پی اینڈ ڈی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، ممبر فنانس محمد طیب سمیت دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔متعلقہ افسران قومی شاہراہوں پر تجاوزات اور سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی پر مجسٹریل اتھارٹی استعمال کریں گے۔محمد یوسف ملک ڈی آئی جی موٹرویز کے زیر نگرانی سیکٹر کمانڈر ھکلہ تا میانوالی ڈیرہ اسماعیل خان نے سکیورٹی امور کے بہترین انتظامات سرانجام دیئے اور افسران بالا کو احکامات کی ترسیل یقینی بنائی گئی۔ سی پیک موٹروے پر مسافروں نے سہولیات میں بہتری اور ترقیاتی کاموں میں مولانا اسعد محمود کی اس تیز تر تعمیراتی کاوش کو سراہا اور مستقبل میں اسے ایک کامیاب تجارتی انٹرنیشنل شاہراہ کا عندیہ دیا۔