پی ٹی آئی چیئرمین پاکستان کے بیرونی دشمنوں کا ایجنٹ ہے: رانا تنویر حسین

مریدکے (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین کے ہوتے ہوئے ہمیں کسی دشمن کی ضرورت نہیں ،یہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت کا ایجنٹ ہے اسی لئے وہ اس کے پیچھے چیخ رہے ہیں ،یہ ان کے ایجنڈے کو پورا کرنے آیا جس میں ناکام رہا ۔محلہ منج روڈ نور پورہ داﺅکی میں سوئی گیس فراہمی افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت جس مقصد کیلئے آئی اس میں 75فیصد کامیاب ہوچکی تھی ، پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا ،70سالہ ریکارڈ توڑتے ہوئے 40ہزار ارب روپے قرض لے کر پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ،اداروں کو تباہ کیا ،ایک بھی منصوبہ نہیں لگایا،قوم حساب مانگتی ہے تو کہا جاتا ہے ہمیں پتہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا عمران خان ، اس کی اہلیہ اور فرح گوگی سمیت اس کی کابینہ نے چھوٹی چھوٹی چوری بھی نہیں چھوڑی ،پاکستان کو تاریخی سیاسی معاشی جغرافیائی اور سفارتی نقصان پہنچایا۔ دریں اثناءوفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور انکی ٹیم کی مسلسل دن رات محنت کے بعد امید اور روشنی کی کرن نظر آئی ہے کہ ملک اور معیشت درست سمت کی طرف گامزن ہیں۔شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے میں گیس فراہمی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوے وفاقی وزیر رانا تنویرحسین نے کہاکہ ایک سال کی حکومت میں ہم نے تباہ حال ملکی معیشت کو سہارا دیا اور عوامی فلاح و بہبود کے وہ کام کیے جو پونے چار سال کے عرصہ میں نام نہاد تحریک انصاف کی حکومت نہ کرسکی ۔وفاقی وزیرنے کہاکہ تحریک انصاف اگر کرپشن اقربا پروری لوٹ مار کی بجاے مسلم لیگ (ن)کے منصوبوں کو ہی جاری رکھ کر مکمل کرلیتی تو آج ملک عدم استحکام کا شکار نہ ہوتا بلکہ عوام کو تعلیم صحت کی دستیابی اور مہنگائی کا مسلہ نہ ہوتا۔رانا تنویرحسین نے کہاکہ ملک قوم کے وسائل کو پی ٹی آئی حکومت نے اس قدر بے دردی سے لوٹا کہ صرف ایک واقعہ میں60ارب روپے ہڑپ کرلئے گئے، انکی کرپشن کی داستان رقم کرنے کیلئے ہزاروں صفحات درکار ہیں اور کرپشن پر انکے اتنے کارنامے ہیں کہ ان کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں آسکتا ہے۔