عمران خان ملک دشمن، پاکستان مخالف عالمی قوتوں کا ایجنٹ ہے :رانا تنویر حسین

مریدکے+ نارنگ منڈی ( نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار)وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر نے کہا ہے کہ 9مئی کے واقعات سے عمران خان کا ملک دشمن چہرہ بے نقاب ہوگیا ،عمران خان ملک دشمن اور پاکستان مخالف عالمی قوتوں کا ایجنٹ ہے۔ مریدکے میں نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد کا مریدکے کیمپس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو عوام سیاست سے مائنس کرچکے وہ کس منہ سے کہہ رہے ہیں کہ وہ مائنس ہونے کو تیار ہیں ،اس نے اور اس کے ساتھیوں نے جو تاریخی لوٹ مار کی اس کا بھی اسے حساب دینا ہوگا۔ دریں اثناءوفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے 4 سال میں ملک کی جو تباہی کی مسلم لیگ (ن) اسے ٹھیک کرےگی،الیکشن میں عمران خان کی ضمانت ضبط کروائیں گے اور اگر نہ کروا سکے تو میں سیاست چھوڑ دوں گا، عدالتیں جو کر رہی ہیں سب دیکھ رہے ہیں، جلد سب ٹھیک ہو جائےگا۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ 9 مئی کے واقعہ کے بعد عمران خان کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے، عمران ملک دشمن اور اور عالمی قوتوں کا ایجنٹ ہے، عمران خان کو ملک سے باہر نہیں جانے دیا جائے گا، اسے قانون کا سامنا کرنا پڑےگا۔