اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے 9مئی کے واقعات کا ماسٹر مائنڈ عمران خان کوقرار دیتے ہوئے کہاہے پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کےلئے (ن)لیگ میں جگہ کم ہے ، ایسا نہیں ہوسکتا (ن) لیگ پرانے و نظریاتی کارکنوں کو نظر انداز کر کے تحریک انصاف سے آنےوالوں کو جگہ دے ،جہاں گنجائش ہوگی وہاں خیر مقدم کرینگے۔
وفاقی وزیر نے کہان لیگ کا بیانیہ ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانا ،ملکی معیشت کو بحال کرنا ہے،پاکستان میں سیاسی و معاشی استحکام کےلئے نوازشریف کی ضرورت ہے ، جلد واپس آئیں گے ،پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچنا چاہیے ،انتظامیہ اپنی ذمہ داری پوری کرے ،وزیراعظم کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔
ڈیجیٹل میڈیا کودیئے گئے انٹرویو میں وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا عمران خان اتنا فتنہ پرست اور ضدی شخص ہے ،کوئی مثال نہیں ملتی،عمران خان نے 4سال ملکی معیشت کو تباہ کیا ، آئی ایم ایف سے ملکی مفادات کے منافی معاہدہ کر کے خلاف ورزی کی گئی ، ملکی معیشت کو اتنا نقصان پہنچایا بحالی میں وقت لگ رہاہے،ملکی سالمیت سیاسی و معاشی ا ستحکام سے جڑی ہے اور یہی (ن) لیگ کا بیانیہ ہے،پہلے کی طرح اب بھی دہشتگردی ختم کریں گے، وزیراعظم دن رات ہر اجلاس میں نوجوانوں کو روزگار دینے اور عوام کو ریلیف دینے کی بات کرتے ہیں ، حالات میں بہتری آرہی ہے ، معیشت کو درست کیا جائے گا۔
سانحہ9مئی کے ماسٹر مائنڈ عمران خان ہیں،مریم اورنگزیب



















