خاندان کو بچانے کیلئے قانون کاتماشہ بنانے پر چیف جسٹس گناہ گار اور سزا کے حق دار ہیں، مریم نواز

لاہور(اپنے رپورٹر سے )چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے کہاہے چیف جسٹس عمر عطا بندیال گناہ گار اور سزا کے حق دار ہیں،ٹوئٹر پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہاکمیشن کو کام کرنے سے روکنا چیف جسٹس کے گناہ گار ہونے کا ثبوت و اعتراف ہے۔

سینئر نائب صدر ن لیگ نے مزید کہاانصاف کی سب سے بڑی کرسی پر براجمان شخص عہدے کا احتساب سے بچنے کےلئے بے دریغ استعمال کر رہا ہے، اگر آپ اور آپ کی ساس کا دامن صاف ہے تو کیا آپ کو قانون کا سامنا نہیں کرنا چاہیے ؟یا چیف جسٹس ہونے کے ناطے قانون آپ پر لاگو نہیں ہوتا؟انہوں نے کہا عمر عطا بندیال اپنے خاندان کو بچانے کےلئے قانون کا مذاق اور عدلیہ کا تماشا بنانے کے جرم میں سزا کے حق دار ہیں۔