عمران کی ضمانتوں میں توسیع،توہین الیکشن کمیشن کیس میں طلبی

اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)عمران خان کی ضمانتوں میں توسیع ،توہین الیکشن کمیشن کیس میں ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا گیا،اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی 2 مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر عدالت میں پیش ہوئے،عمران خان کے وکیل کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ درخواست دی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا بتا دیں کہ عمران خان نے مزید کیسز میں کس دن آنا ہے؟ اسی دن کی تاریخ رکھ دیتے ہیں،عدالت نے عسکری اداروں کے افسروں کےخلاف بیان بازی کے مقدمے اور مسلم لیگ ن کے رہنما محسن رانجھا کی مدعیت میں درج اقدام قتل کے مقدمے میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 8 جون تک توسیع کر دی۔

ادھر لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی 2 مقدمات میں حاضری معافی درخواست منظور کرتے ہوئے 19 مئی تک ضمانت منظور کر لی،انسداد دہشتگردی عدالت کے جج اعجاز بٹر نے درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا یا۔

علاوہ ازیں لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین عمران خان پر 9 مئی کے بعد درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا،دوران سماعت جسٹس صفدر سلیم شاہد نے استفسار کیا عمران خان کدھر ہیں؟، وکیل نے بتایا عمران خان کی حفاظتی ضمانت نہیں اگر عدالت حکم کرے تو11 بجے کے بعد پیش ہوجائیں گے،پنجاب حکومت کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا عمران خان پیش ہوئے نہیں اور حفاظتی ضمانت مانگ رہے ہیں، درخواست قابل سماعت نہیں۔

مزید برآں الیکشن کمیشن نے عمران خان کو توہین الیکشن کمیشن کیس میں 23 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا،الیکشن کمیشن میں کیس کی سماعت ہوئی، ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے سماعت کی،بنچ نے استفسار کیا عمران خان کیوں پیش نہیں ہوئے؟ معاون وکیل نے کہا عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونا ہے، عمران خان کے وکیل فیصل چودھری بھی مقدمات میں مصروف ہیں،ممبر بلوچستان نے کہا کیوں نہ عمران خان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیں؟ جس پر معاون وکیل نے کہا میں نے کمیشن کو آگاہ کرنا تھا،الیکشن کمیشن نے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں 23 مئی کو طلب کر لیا۔