بلدیہ عظمیٰ کے شعبہ پلاننگ کا قومی خزانے کا 8 ارب کا ٹیکا،آڈٹ ٹیم نے 105 پیراجات کا پروانہ تھما دیا
لاہور (نوید چودھری) آڈٹ ٹیم نے بلدیہ عظمیٰ لاہور کے شعبہ پلاننگ کو سرکاری خزانے کے 8 ارب روپے ڈکارنے کا ذمہ دار ٹھہرا دیا ہے۔ مالی سال 2021-22ءکے آڈٹ کے دوران آڈٹ ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے دوماہ تک کی سخت محنت کے بعد شعبہ پلاننگ کو جواب دینے کےلئے انتہائی اہم 105 پیرا جات کا پروانہ تھما دیا ہے۔ آڈٹ ٹیم کی جانب سے جو پیرے جاری کئے گئے ہیں ان میں 24 پیرے ایسے ہیں جن میں ماسٹر پلان کی خلاف ورزی اور جعلسازی کے ذریعے نقشہ جات کی اصل شکل بدل کر سرکاری خزانے کو 7 ارب 80کروڑ 39 لاکھ 39 ہزار روپے کے بڑے نقصان میں مبتلا کرنے کا ذکر کیا گیا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ دوران آڈٹ بلدیہ عظمیٰ کی جانب سے آڈٹ ٹیم کی راہ میں روڑے اٹکانے کےلئے ممکن طریقہ استعمال کیا گیا، ریکارڈ کی عدم دستیابی آڈٹ ٹیم کا سب سے بڑا مسئلہ رہا ہے، ا سکے باوجود آڈٹ ٹیم نے انتہائی پیشہ وارانہ ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے 105 آبزرویشنز تحریر کردی ہیں جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اگر ریکارڈ کی دستیابی ممکن ہو جاتی تو اس سے کہیں زیادہ آبزرویشنز مزید بن سکتی تھیں۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ آڈٹ ٹیم کو جو ریکارڈ فراہم کیا گیا وہ اپنی طرف سے بالکل درست سمجھ کر دیا گیا مگر اس میں بھی اس قدر دونمبری شامل تھی کہ آڈٹ ٹیم اتنے قدغن لگا سکی، اور اگر وہ فائلیں بھی آڈٹ ٹیم کے ہتھے چڑھ جاتی جو غائب کردی گئی ہیں تو سوچیں سرکاری خزانے کو پہنچائی جانے والی تباہی کا عالم کیا ہوتا۔ کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا کو اب چاہیے کہ میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ امین مغل کے پورے دورانئے کا سپیشل آڈٹ کرائیں تاکہ پتہ چلے کہ سرکاری خزانے کی تباہی کے ذریعے ذاتی اثاثہ جات کی سربلندی کی وجوہات سامنے آ سکیں۔ اس خبر کے حوالے سے جب کمشنر لاہور ڈویژن سے موقف لینے کےلئے رابطہ کیا گیا تو ان کا فون بند جا رہا تھا۔



















