محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن : ای ٹی اوز کی پرکشش سیٹوں پر تعیناتی کیلئے لاکھوں روپے رشوت وصولی
لاہور(علی جنید) محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول میں ماہ اپریل کے دوران بڑے پیمانے پر ای ٹی اوز کی تقرری و تبادلوں کی مد میں بعض پر کشش سیٹوں پر تعیناتی کےلئے لاکھوں روپے رشوت کا تبادلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں آڈیو ریکارڈنگ سمیت متعدد شواہد حساس ادارے نے حاصل کرلئے ہیں جس پر رپورٹ مرتب کی جا رہی ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اپریل میں جہاں سیکرٹری ایکسائز پنجاب کی جانب سے 16 ڈائریکٹرز کے پنجاب بھر میں تبادلے کئے گئے تھے وہاں اسی تاریخ میں ڈائریکٹر جنرل ایکسائز پنجاب کی جانب سے یکے بعد دیگرے 90 ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسرز کو بھی تبدیل کر دیا گیا تھا جس پر ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل محمد علی کی جانب سے نہایت لاپرواہی اور غفلت کا مظاہرہ کیا گیا اور ان تمام امور میں ڈی جی کی جانب سے اپنے ماتحت مخصوص ملازمین کو صرف ٹرانسفر پوسٹنگ کے احکامات جاری کئے جاتے رہے جبکہ کسے کس سیٹ پر تعینات کرنا ہے، اس بارے میں کوئی حکمت عملی مرتب کی ہی نہیں گئی تھی جس پر حساس ادارے کی جانب سے ایک رپورٹ تیار کی گئی ہے جس میں ڈی جی آفس کے بعض ماتحت ملازمین کی آڈیو ریکارڈنگ ، انکے موبائل نمبر اور کس سیٹ کےلئے کتنی کتنی رقم طلب کی گئی، تمام دستاویزات موجود ہیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس رپورٹ کی روشنی میں بعض بڑے افسران کی مزید ترقی کی راہ میں رکاوٹیں آنے کے قوی خدشات موجود ہیں۔



















