نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا عہدے پر برقرار رہنا لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

لاہور (کورٹ رپورٹر) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا عہدے پر برقرار رہنا لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا،ہائیکورٹ میں شہری لطیف چودھری کی جانب سے درخواست دائر کی گئی،درخواست میں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔

شہری نے موقف اختیار کیا پنجاب میں نگران حکومت کی آئین میں دی گئی معیاد ختم ہو چکی ، سپریم کورٹ نے الیکشن کی تاریخ میں توسیع کی لیکن نگران حکومت کو توسیع نہیں دی، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی غیر آئینی طور پر عہدہ سنبھالے ہوئے ہیں، نگراں وزیر اعلیٰ اور کابینہ کا عہدے پر برقرار رہنا آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

عدالت نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو فوری عہدے سے ہٹانے ، نگراں حکومت کو کام سے روکنے اور الیکشن کمیشن کو پنجاب میں نئی نگراں حکومت کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے۔