لاہور (کورٹ رپورٹر)ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان و دیگر رہنماﺅں سے تحقیقات کےلئے قائم جے آئی ٹی کی کارروائی کو عدالتی فیصلے سے مشروط کردیا،جسٹس طارق سلیم شیخ کی سربراہی میں لاہورہائیکورٹ کے 3رکنی فل بنچ نے عمران خان و دیگر رہنماﺅں سے تحقیقات کےلئے قائم جے آئی ٹی کی تشکیل کےخلاف درخواست پر سماعت کی، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شان گل اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چودھری خلیق الزمان عدالت پیش ہوئے۔
عمران خان، فواد چودھری کے وکلا نے دلائل دیتے ہوئے کہا نگران حکومت روز کے معمولات نمٹانے کا اختیار رکھتی ہے، جے آئی ٹی کی تشکیل کا قانونی اختیار نہیں ، تفتیش نہیں رکوانا چاہتے ہیں، انتخابات سے دور رکھنے اور ڈرانے کیلئے دہشتگردی کی دفعات لگائی گئیں۔
ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شان گل نے جے آئی ٹی کو کام سے روکنے کیلئے دائر درخواست کی مخالفت کی، شان گل نے کہا امن و امان قائم رکھنا نگران کابینہ کا قانونی اختیار ہے، کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی نے قانونی طریقہ کار کے مطابق جے آئی ٹی تشکیل دی،لاہورہائیکورٹ نے حکم امتناعی کی درخواست پرمحفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا جے آئی ٹی کی کارروائی کو عدالتی فیصلے سے مشروط کرتے ہیں،عدالت تفتیش کے عمل کو نہیں روک سکتی، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کے تحفظات اور دلائل کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
عمران خان سے تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی کی کارروائی عدالتی فیصلے سے مشروط



















