ریسکیو اہلکار عید الفطر کے دوران ڈیوٹی پر موجود رہیں گے: ڈاکٹر رضوان نصیر
لاہور (کرائم رپورٹر) ریسکیورز کی چھٹیاں محدود کر دی گئی ہیں اورریسکیو اہلکار عید الفطر کے دوران ڈیوٹی پر موجود رہیں گے تاکہ تمام عید کے اجتماعات اور تفریحی مقامات کو ایمرجنسی کور فراہم کیا جاسکے۔ اس حوالے سے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں روزے کی حالت میں بھی چوبیس گھنٹے ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے پر ریسکیو عملے کی کارکردگی کوسراہا۔ انہوں نے بدھ کو یہاں ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز میں تمام ضلعی ایمرجنسی افسران کے ساتھ ویڈیو لنک میٹنگ کے ذریعے عیدالفطر کے دوران کئے گئے ایمرجنسی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ اجلاس میں ایمرجنسی سروسز اکیڈمی اور ہیڈ کوارٹرز کے تمام ونگز کے سربراہان بھی شریک تھے۔ضلعی ایمرجنسی افسران نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ عیدالفطر کےلئے ایمرجنسی پلانز بشمول بھاری ٹریفک کے بوجھ کی وجہ سے ہونے والے روڈ ٹریفک حادثات سے نمٹنے کےلئے عید کی تعطیلات سے پہلے اور بعد میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی مشاورت سے اپنے اپنے اضلاع کے ہنگامی پلانز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جن کے مطابق ایمرجنسی ایمبولینسز، ریسکیو اور فائر سٹاف کو تمام اضلاع کے اہم اجتماعات اور تفریحی مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔صوبائی مانیٹرنگ سیل کے سربراہ نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں کسی بھی قسم کے ایمرجنسی حالات سے نبردآزما ہونے کیلئے تعطیلات ِ عید کے دوران ریسکیورز کو اسٹریٹجک مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ تعطیلات ِ عید کے دوران 7ہزار7سو76 ریسکیورز ، 824 ایمرجنسی ایمبولینسز، 289 فائر وہیکلز، 76 ریسکیو وہیکلز، 2250 ریسکیو موٹر بائیکس اور سپیشلائزڈ ریسکیو وہیکلز پر خدمات سرانجام دیں گے۔ مزید برآں، ایمرجنسی میں فوری رسپانس کو یقینی بنانے کےلئے پنجاب بھر میں 425 کی پوائنٹس قائم کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں تمام اضلاع نے عید کی تعطیلات کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے موثر انتظام کےلئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ میٹنگز میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اپنے اپنے ایمرجنسی رسپانس اور مینجمنٹ پلانز تیار کیے ہیں۔ خصوصی موبائل ریسکیو پوسٹیں عید کی نماز کے بڑے مقامات پر ایمرجنسی کور فراہم کریں گی۔ ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹر میں صوبائی مانیٹرنگ سیل 24 گھنٹے آپریشنز کی مانیٹرنگ کرے گا تاکہ ضلعی ایمرجنسی پلانز پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے ہدایت کی کہ ہنگامی صورتحال کے بہتر انتظام کےلئے ضلعی وتحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں اور دیگر محکموں کے ساتھ قریبی کوآرڈینیشن کو یقینی بنایا جائے تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں عوام الناس کو معیاری ریسکیو سروسز فراہم کی جاسکیں۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے عید کی تعطیلات کے دوران ریسکیو عملے کی چھٹیاں محدود کرتے ہوئے ریسکیورز کو ہدایت کی کہ وہ پوری لگن، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انسانیت کےلئے مثالی خدمات سرانجام دیں۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے تمام شہریوں کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے بعد پرمسرت اور محفوظ عید کی مبارکباد دی۔ انہوں نے موٹرسائیکل سواروں سے بھی درخواست کی کہ وہ محفوظ طریقے سے گاڑی چلائیں اور اگر شہری تیراکی یا دیگر تفریحی سرگرمیوں کیلئے جانے کا ارادہ رکھتے ہوں تو مکمل حفاظتی اقدامات پر عمل کریں تاکہ حادثات سے بچا جاسکے۔



















