بڑھتا مالی خسارہ وقرضوں کی بلند سطح پاکستانی معیشت کیلئے خطرناک ہے،عالمی بینک

نیویارک(خواجہ فاروق) بڑھتا مالی خسارہ اورقرضوں کی بلند سطح پاکستانی معیشت کیلئے خطرناک ہے،عالمی عالمی بینک نے پاکستان کے وفاقی اخراجات پر جائزہ رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان غیرضروری اخراجات، سبسڈیزختم کرکے سالانہ 2723 ارب کی بچت کرسکتا ہے،ریونیو میں اضافے، انتظامی اقدامات سے جی ڈی پی کے 4 فیصد کے مساوی بچت ممکن ہے، وفاق کا 70 فیصد بجٹ قرضوں، سود، سبسڈیز اورتنخواہوں میں خرچ ہوجاتا ہے اور وفاق کا ٹیکس آمدن میں حصہ صرف 46 فیصد، اخراجات 67 فیصد ہیں۔

بڑھتا مالیاتی خسارہ قرضوں کی پائیداری کیلئے بھی خطرناک ہے، گزشتہ سال 7.9 فیصد مالی خسارہ 22 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، خسارہ بڑھنے سے قرضوں کی شرح بھی 78 فیصد کی بلند سطح تک ریکارڈ کی گئی۔

قانون کے مطابق مالی خسارہ قرضوں کی شرح 60 فیصد ہونی چاہیے، کورونا اور سیلاب سے اخراجات میں اضافہ، ٹیکس محاصل میں کمی آئی، پاکستان میں مجموعی محصولات جی ڈی پی کا 12.8 فیصد ہیں۔