سپریم کورٹ کا تقسیم رہنا ملک کیلئے المیہ ہوگا، عمران خان

لاہور (خبر نگار)سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اداروں کیخلاف پروپیگنڈا کیس میںعبوری ضمانت منظور،تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان اداروں کیخلاف پروپیگنڈا کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت درخواست پر سماعت ہوئی۔

وکیل نے کہا عمران خان راستے میں ہیں اورعدالت پہنچنے والے ہیں تاہم تھوڑی دیر ہوجانے کے باعث جج صاحب نماز جمعہ کی ادائیگی کےلئے چلے گئے اور عدالتی عملے نے بتایاسماعت 2 بجے شروع ہوگی، عمران خان کمرہ عدالت میں موجود رہے،وقفے کے بعد سماعت شروع ہوئی تو عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو آگاہ کیا عمران خان پر ایک اور ایف آئی آر درج کر دی گئی ،جسٹس علی باقر نجفی نے وکیل کو ہدایت کی آپ ایف آئی آر پڑھیں، وکیل نے عدالت کو ایف آئی آر پڑھ کر سنائی۔

عدالت نے استفسار کیا آپ کے کلائنٹ متعلقہ عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں ،وکیل نے کہاجی اسلام آباد کی متعلقہ عدالت میں پیش ہونا ہے،عمران خان کی مختلف تقاریر کے الفاظ اکٹھے کر کے ایف آئی ار درج کر دی گئی، اتوار کے روز ایف آئی آر درج ہوئی، عمران خان کو 18 اپریل کو اسلام آباد جانا ہے،عید کے بعد تک حفاظتی ضمانت دے دیں،عدالت نے 26 اپریل تک کےلئے عبوری ضمانت منظور کرلی۔

لاہور ہائیکورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاسپریم کورٹ کا تقسیم رہنا ملک کےلئے المیہ ہوگا،سب کو دعا کرنی چاہیے سپریم کورٹ میں اتحاد ہو جب تک آپ آئین نہیں بچاتے آپ ملک نہیں بچاسکتے،الیکشن سے سارے بھاگ رہے ہیں، حکمرانوں کو آئین وقانون کی فکر نہیں، چاہتے ہیں کسی طرح اپنا این آر او بچالیں،3ہزار کارکنوں کو گرفتار کرلیا،ہر روز نئی ایف آئی آر ہوتی ہے۔