بھارتی پنجاب ملٹری سٹیشن میں فائرنگ، 4 اہلکار ہلاک، سرچ آپریشن جاری

نئی دہلی (مشرق نیوز) بھارت کی ریاست پنجاب کے بھٹنڈا ملٹری اسٹیشن میں فائرنگ کے نتیجے میں چار اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ فورسز نے واقعہ کے بعد چھاﺅنی میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی فوج کی جنوب مغربی کمانڈ نے ایک بیان میں بتایا کہ بدھ کی علی الصباح چار بجکر 35 منٹ پر بھٹنڈا چھانی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں چار اہلکار ہلاک ہوئے۔فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فائرنگ کے بعد فوج کی کوئیک ری ایکشن ٹیمیں متحرک ہو گئیں اور انہوں نے چھاﺅنی کو گھیرے میں لیتے ہوئے سیل کر دیا ہے۔فوج کے مطابق سرچ آپریشن تاحال جاری ہے جبکہ واقعہ کی مزید معلومات سے متعلق بعد میں آگاہ کیا جائےگا۔اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ فوجی چھانی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے یا فائرنگ کا واقعہ اندرونی کارروائی کا نتیجہ ہے۔بھارتی چھانیوں پر ماضی میں بھی دہشت گردوں کے حملے سمیت اہلکاروں کے آپس کے جھگڑے کے بعد فائرنگ کے واقعات بھی رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔گذشتہ برس جون میں پنجاب کے ضلع پٹھان کوٹ کی چھانی میں ایک سپاہی نے فائرنگ کر کے دو حوالداروں کو ہلاک کر دیا تھا۔ اسی طرح بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کی 'سنجوان' نامی چھانی پر فروری 2018 میں ہونے والے دہشت گردوں کے حملے میں دو فوجی ہلاک اور چار زخمی ہوگئے تھے۔