پرائس مجسٹریٹس فیلڈ میں اشیاءخورونوش قیمتوں کی مکمل مانیٹرنگ کریں :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (چودھری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں تعینات پرائس مجسٹریٹس فیلڈ میں نکلیں اور اشیاءخوردونوش کی قیمتوں کی مانیٹرنگ کریں اور مقررہ کردہ قیمتوں پر سختی سے عملددرآمد کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کےخلاف ایف آئی آرز درج کرواکر گرفتار کیا جائے اور بھاری جرمانے عائد کئے جائیں۔وہ یہاں اپنے دفتر میں رمضان المبارک میں پرائس کنٹرول، گندم کی خریداری اور ایسٹر کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اکرام الحق، ڈاکٹر ذیشان حنیف، امتیاز احمد کھچی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، اے سی جنرل وقاص ظفر، اے ڈی سی جنرل سید عثمان منیر بخاری سمیت محکمہ فوڈ اور انڈسٹریز کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ یوم حضرت علی اور ایسٹر کے موقع پر تمام امام بارگاہوں اور چرچز کے اندر اور اردگرد صفائی ستھرائی کے انتظامات کے ساتھ ساتھ سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عبادتگاہوں کے اطراف سڑکوں کا بیچ ورک بھی مکمل کیا جائے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے گندم خریداری اور باردانہ کی تقسیم کو چیلنج کے طور پر لینے کی ہدایت کی تاکہ حکومت کی کسان دوست پالیسی کے تحت کسانوں سے گندم خریدی جائے اور گندم خریداری ٹارگٹ کا حصول یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کاشتکاروں سے رابطہ رکھا جائے اور باردانہ ان کے گھروں تک پہنچایا جائے تاکہ کسانوں کو باردانہ کے حصول میں کوئی مشکل نہ ہو اور نہ ہی کاشتکاروں کو قطاروں میں کھڑا ہو کر انتظار کرنا پڑے۔ اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈویژن میں مردم شماری کاساہیوال اور پاکپتن میں 100فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ضلع اوکاڑہ میں تمام کام آج مکمل کر لیا جائےگا۔