ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا شہر میں جاری پسپ پروگرام کے تحت مختلف منصوبوں کا تفصیلی جائزہ، شہریوں کو درپیش مشکلات دور کرنے کےلئے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے، کمشنر کی ہدایت۔ سیوریج لائن بچھانے کےلئے کام میں مصروف چینی کمپنی کی سست رفتاری پر اظہار ناراضگی۔ سٹی منیجر پسپ تمام جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرائیں۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کی زیر صدارت کمشنر آفس میں پسپ پروگرام کے تحت شہر میں جاری تمام منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، سی او میونسپل کارپوریشن کاشف محمود اور سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بھی شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے جاری منصوبوں خصوصاً چینی کمپنی کی طرف سے مین سیوریج لائن پر کام کی سست روی پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ ٹائم لائن کے مطابق ترقیاتی کام مکمل نہ کرنے پر کمپنیوں کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائےگی۔ انہوں نے حالیہ بارشوں کے دوران کارپوریشن کے عملے کی طرف سے دن رات فرائض ادا کرنے کو سراہا اور کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا بلدیہ کے ہر ملازم کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے پسپ پروگرام کے تحت شہر کے45میں سے29ٹیوب ویلز کی مرمت مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور سی او کارپوریشن کو ہدایت کی کہ ان ٹیوب ویلز کا انتظام سنبھال کر عوام کو پینے کے صاف پانی کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے طارق بن زیاد کالونی اور مڈھالی روڈ پر جاری کام کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی جس سے روزانہ سفر کرنے والے سینکڑوں افراد شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا کہ شہر میں اب تک 23907پانی کے کنکشن گھروں تک پہنچا دئیے گئے ہیں جبکہ4مزید پانی کے اوور ہیڈ ٹینک کی تعمیر بھی تیزی سے جاری ہے۔
شہریوں کو درپیش مشکلات دور کرنے کےلئے منصوبوں پر کام تیز کیا جائے: کمشنر ساہیوال



















