بھارت تمام کشمیریوں اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرے‘ گیلانی

اسلام آباد:(لیڈر ڈیسک)یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت تمام کشمیریوں اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرے۔ جب تک مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہوتا خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آج کا اجلاس صرف کشمیر پر بحث کے لیے رکھا گیا ہے۔ سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وہ کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، پوری اپوزیشن کی جانب سے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، بھارت 7 دہائیوں سے کشمیریوں پر ظلم کر رہا ہے۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی جیسے ہمارے کارکن کشمیریوں کی آواز بنیں گے، بھارتی حکومت کشمیر میں کرفیو ختم کرے اور کشمیر کی پرانی حیثیت بحال کرے۔