اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب کالعدم تحریک لبیک پاکستان نے ریاستی رٹ کو چیلنج کیا تو انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت اس کے خلاف کارروائی کی گئی۔وزیر اعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ پاکستان اور دنیا بھر کے عوام پر یہ واضح کررہے ہیں کہ جب تحریک لبیک نے تشدد کا سہارا لیا اور لوگوں اور سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا تو یہ اس کے خلاف کارروئی کی گئی ۔عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تحریک لبیک نے ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا تو اس کے خلاف انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت کارروائی کی گئی ، کوئی بھی قانون اور آئین سے بالاتر نہیں ہے۔ وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ میرا پیغام دنیا بھر کے انتہا پسندوں کے لئے ہے جو اسلامو فوبیا اور نفرت انگیز تقاریر کے ذریعے 1.3 بلین مسلمانوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں کہ ہم مسلمان اپنے پیارے نبی حضرت محمدﷺ سے سب سے زیادہ محبت اور انکی عزت کرتے ہیں ۔ ہم اس قسم کی توہین برداشت نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ مغرب میں بسنے والے یہ انتہا پسند سیاستدان آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت میں اتنا اخلاقی طور پر گر چکے ہیں کہ وہ 1.3 بلین مسلمانوں کو تکلیف پہنچانے پر معافی بھی نہیں مانگ سکتے۔ ہم ایسے انتہا پسندوں سے معافی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ریاستی رٹ چیلنج کرنے پر ٹی ایل پی کیخلاف کارروائی کی ‘وزیراعظم



















