وفاقی کابینہ:بھارت سے چینی ‘روئی کی درآمد کی سمری مسترد

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے بھارت سے چینی اور روئی کی درآمد کی سمری مسترد کردی۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق ، کابینہ کے اجلاس میں بھارت سے چینی اور روئی کی درآمد کے لئے اقتصادی رابطہ کمیٹی کی سفارش پر غور کیا گیا جس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بھارت سے سستی چینی درآمد کرنے کی سفارش کی تھی۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے بھارت سے چینی اور روئی کی درآمد کی سمری کو مسترد کردیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور ممبران نے کہا کہ بھارت کے ساتھ مسائل کے تناظر میں ان اشیا کو بھارت سے درآمد کرنا کوئی مثبت پیشرفت نہیں ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کی جانب سے سمری مسترد ہونے کے بعد ، وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مناسب قیمتوں پر دیگر ممالک سے چینی اور کاٹن کی درآمد کے لئے کوششیں تیز کریں۔