لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر علی حسام اصغر نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کیلئے بینکوں سے قرضوں کے حصول کا طریقہ کار آسان بنانے کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان کی صنعتی بنیاد مضبوط بنانے، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔ایکسپورٹرز کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ آسان شرائط پر مالی وسائل تک رسائی کا فقدان طویل عرصے سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو درپیش بڑے مسائل میں شامل رہی ہے۔ کاروباری اداروں کے کیش فلو، ڈیجیٹل برآمدی ریکارڈ اور سپلائی چین سے متعلق دستاویزات کو روایتی ضمانت کے متبادل کے طور پر قبول کرنے جیسے اقدامات سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو بہت فائدہ ہوگا۔ علی حسام اصغر نے بینکوں کے ضوابط پر نظرثانی اور قرضوں کی شرائط آسان بنانے سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات کو سراہتے ہوئے کہا کہ روایتی ضمانتوں اور سخت شرائط اکثر ایسے چھوٹے کاروباروں کیلئے بھی مالی معاونت کے حصول میں رکاوٹ بن جاتی ہیں جو کاروباری اعتبار سے مستحکم اور ترقی کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے پاکستان کی معیشت کا اہم ستون ہیں اور روزگار کی فراہمی، صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے اور غربت کے خاتمے میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ اس شعبے کو مضبوط بنانے سے نہ صرف پہلے سے قائم کاروباروں کو سہارا ملے گا بلکہ مزید کاروباری افراد کو نئے ادارے قائم کرنے اور قومی معاشی ترقی میں حصہ ڈالنے کے مواقع میسر آئیں گے۔لاہور چیمبر کے صدر نے پاکستان سنگل ونڈو پر دستیاب برآمدی ریکارڈ، ایکسپورٹ انشورنس کوریج اور ڈیجیٹل انوائسنگ کو ایس ایم ایز کی مالی ساکھ جانچنے کے متبادل ذرائع کے طور پر استعمال کرنے کی تجویز کو خصوصی طور پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح کاروباری کیش فلو کو روایتی ضمانت کے متبادل کے طور پر تسلیم کرنے سے ایسے اداروں کو بھی قرضوں کی سہولت مل سکے گی جن کے پاس محدود فزیکل اثاثے ہیں لیکن ان کے کاروباری معاملات اور مالی سرگرمیاں مستحکم ہیں۔علی حسام اصغر نے ایس ایم ایز کیلئے لیٹرز آف کریڈٹ (ایل سیز) اور بینک گارنٹیز کی سہولتیں آسان بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی اور بین الاقوامی تجارت سے وابستہ کاروباری اداروں کیلئے یہ بینکاری سہولتیں انتہائی ضروری ہیں۔ ان سہولتوں کے ذریعے چھوٹے کاروبار بڑے سپلائی چین نیٹ ورکس کا حصہ بن سکیں گے، برآمدی آرڈرز حاصل کرسکیں گے اور عالمی منڈیوں میں اپنی موجودگی بڑھا سکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بینکوں کو یقینی بنانا ہوگا کہ قرضوں کے حصول کا آسان بنایا گیا طریقہ کار کاروباری افراد کیلئے حقیقی ریلیف کا باعث بنے۔ قرض کی درخواست، دستاویزات کی تیاری، جانچ پڑتال اور رقم کی فراہمی کا پورا عمل شفاف، تیز رفتار اور آسان ہونا چاہیے، خصوصاً ان چھوٹے کاروباروں کیلئے جو بڑے تجارتی مراکز سے باہر کام کررہے ہیں۔لاہور چیمبر کے صدر نے بینکوں اور سرکاری اداروں کے درمیان مو¿ثر رابطہ کاری کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ سرکاری ڈیٹا تک بینکوں کی رسائی فراہم کرنے سے قرضوں کی کارروائی میں غیر ضروری تاخیر اور دفتری پیچیدگیوں کو نمایاں حد تک کم کیا جاسکتا ہے اور مالی معاونت کا نظام زیادہ مو¿ثر بنایا جاسکتا ہے۔علی حسام اصغر نے کہا کہ ان اہداف کے حصول کیلئے ضروری ہے کہ ان اقدامات پر مستقل بنیادوں پر عملدرآمد کیا جائے، مو¿ثر نگرانی کا نظام قائم ہو اور بینکوں، متعلقہ ریگولیٹری اداروں اور کاروباری برادری کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے۔علی حسام اصغر نے مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ چھوٹے صنعت کاروں، برآمد کنندگان، خواتین کاروباری شخصیات، نئے کاروباری منصوبوں اور ابھرتے ہوئے اداروں کو ان سہولتوں سے یکساں طور پر مستفید ہونے کے مواقع فراہم کریں۔
وزیراعظم کی طرف سے ایس ایم ایز کو آسان قرضوں کی فراہمی بہترین اقدام ہے :علی حسام اصغر



















