پنجابی زبان کے فروغ کیلئے سکولوں اور کالجوں میں تعلیم دی جائے: سپیکر قومی اسمبلی

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ انہیں پنجابی زبان سے جتنی محبت ہے، اتنی ہی یہاں بیٹھے تمام لوگوں سے بھی ہے، مہمانوں کی پنجاب کی جانب سے مہمان نوازی میں کوئی کمی نہیں رہی ہوگی۔ پنجابی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ خوشی ہے کہ جو سکھ اپنی عبادت گاہ پر آئے وہ خوش ہو کر گئے ہوں گے، انسان کی تربیت دو جگہ ہوتی ہے، پہلے گھر اور پھر سکول میں، سکولوں میں اردو نہ بولنے پر سزا دی جاتی تھی جس کے باعث پنجابی زبان بہت پیچھے چلی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پنجابی زبان پر توجہ دینی چاہیے، اس کے فروغ کیلئے سوشل میڈیا مہم چلائی جائے اور سکولوں، کالجوں میں پنجابی کی تعلیم دی جائے۔ ایاز صادق نے کہا کہ بیرون ملک جا کر احساس ہوتا ہے کہ ہم پنجابی زبان روانی سے نہیں بول پاتے جبکہ بھارتی پنجاب کے لوگوں کو پنجابی شاندار انداز میں بولتے دیکھتے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے چوتھی انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس کو بہترین قرار دیتے ہوئے منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ کانفرنس کے باہر نوجوان نسل پنجابی موسیقی سے لطف اندوز ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادری زبان کے فروغ کیلئے عملی طور پر کام کرنا ہوگا، لوگوں کی آواز اور ثقافتی اظہار کو روکا نہیں جا سکتا۔ ایاز صادق نے کہا کہ چند روز قبل بنگلہ دیشی پارلیمانی وفد سے ملاقات میں پاکستانی ڈراموں کا ذکر ہوا، وفد کے ارکان نے بتایا کہ ان کی بیگمات رات کو پاکستانی ڈرامے دیکھتی ہیں جبکہ وہ خود بھی پاکستانی ڈراموں کے شوقین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں نے دنیا بھر میں ملک کی ثقافت اور مثبت تشخص کو اجاگر کیا ہے، پاکستانی ڈرامے عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کر رہے ہیں، پنجابی فوک میوزک آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے، زبان، ثقافت، ادب اور موسیقی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا انتظار ہی کرتے رہ گئے کہ وہ بھی کانفرنس میں آئیں گی، لیکن وہ نہیں آئیں، ان کی باتیں بہت اچھی ہوتی ہیں، امید ہے اگلی کانفرنس میں وہ ضرور شرکت کریں گی۔