روزانہ طویل وقت گاڑی چلانا دل کی صحت کیلئے نقصان دہ ہو سکتا ہے: جدید تحقیق

ہیوسٹن (مشرق نیوز) روزانہ کام پر آنے جانے کیلئے کئی گھنٹے گاڑی چلانا طویل مدت میں دل کی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ ایک نئی تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ دوران ڈرائیونگ ذہنی دباو اور بے چینی دل کی دھڑکن میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔
یونیورسٹی آف ہیوسٹن کے محققین کے مطابق روزانہ آٹھ گھنٹے گاڑی چلانے والے افراد میں ڈرائیونگ کے دوران بے چینی کی بلند سطح کے باعث دل کی دھڑکن اوسطاً ایک دھڑکن فی منٹ بڑھ سکتی ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ اس معمولی اضافے کے طویل مدتی اثرات دل کی صحت کیلئے اہم ہو سکتے ہیں، خصوصاً ان لاکھوں افراد کیلئے جو روزانہ ملازمت کے سلسلے میں طویل سفر کرتے ہیں۔
امریکی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 14 کروڑ ملازمین معمول کے مطابق کام پر آمدورفت کرتے ہیں جن میں سے 69 فیصد افراد اکیلے گاڑی چلا کر سفر کرتے ہیں۔ تحقیق کے سینئر مصنف اور کمپیوٹر سائنس کے پروفیسر ایوانس پاولڈس کا کہنا ہے کہ گاڑی چلانے کیلئے مسلسل توجہ، فوری فیصلوں اور کسی بھی غیر متوقع صورتحال پر ردعمل دینے کی تیاری ضروری ہوتی ہے۔
انکے مطابق بظاہر ڈرائیور گاڑی میں بیٹھا ہوتا ہے اور جسمانی طور پر زیادہ حرکت نہیں کر رہا ہوتا لیکن اس کا دماغ مسلسل مصروف رہتا ہے اور اس ذہنی دباو کے اثرات دل کی دھڑکن میں بھی ظاہر ہوتے ہیں۔ پروفیسر پاولڈس نے کہا کہ لوگوں کیلئے کام پر جانا اور روزمرہ زندگی کی سرگرمیاں جاری رکھنا ضروری ہے، تاہم تحقیق کا مقصد یہ سمجھنا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران ذہنی اور جسمانی دباو¿ کو کس طرح کم کیا جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ نتائج روزانہ طویل سفر کرنے والے افراد میں ڈرائیونگ سے پیدا ہونے والے ذہنی دباو اور اس کے ممکنہ قلبی اثرات پر مزید تحقیق کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔