دوحہ (مشرق نیوز) ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کا فائنل آج دوحہ میں پاکستان شاہینز اور سری لنکا اے کے درمیان کھیلا جائے گا، قومی ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے کیلئے میدان میں اتریگی۔ عبدالصمد کی قیادت میں پاکستان شاہینز ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔ پاکستان نے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ سری لنکا اے نے بھارت اے کو 8 وکٹوں سے ہرا کر فیصلہ کن معرکے تک رسائی حاصل کی۔
سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اے نے پاکستان کو 233 رنز کا ہدف دیا جسے شاہینز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ہدف کے تعاقب میں حسن نواز نے 62 رنز کی اننگز کھیلی اور شاہ زیب خان کے ساتھ تیسری وکٹ کیلئے 110 رنز کی شراکت قائم کی۔ شاہ زیب خان نے بھی 50 رنز بنائے۔
بعد ازاں کپتان عبدالصمد نے 44 رنز بنائے جبکہ فرحان یوسف 46 رنز کے ساتھ ناٹ آو¿ٹ رہے اور ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ فرحان یوسف کا کہنا تھا کہ ناک آوٹ میچ میں دباو کو سنبھالنا اور اہم شراکتیں قائم کرنا کامیابی کی بنیادی وجہ بنا۔ ان کے مطابق وکٹیں گرنے کے بعد انہوں نے اور کپتان عبدالصمد نے میچ کو آخری مراحل تک لے جانے کا منصوبہ بنایا، جس پر عملدرآمد سے پاکستان کو کامیابی ملی۔
پاکستان شاہینز نے گروپ مرحلے میں متحدہ عرب امارات، بھارت اے اور نیپال کو شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ ٹورنامنٹ میں حسن نواز نے بیٹنگ جبکہ آف سپن بولنگ میں بھی نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔ سفیان مقیم، علی رضا اور عمران رندھاوا بھی پاکستانی بولنگ اٹیک کے اہم کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
دوسری جانب سری لنکا اے نے سیمی فائنل میں بھارت اے کے خلاف 318 رنز کا ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا جس کے بعد فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے کی توقع ہے۔ فرحان یوسف کے مطابق دوحہ میں موسم اور نرم آوٹ فیلڈ کے باعث بولرز، خصوصاً سپنرز کو مشکلات کا سامنا رہا ہے، تاہم پاکستانی بولنگ یونٹ نے پورے ٹورنامنٹ میں محنت کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان شاہینز ایشیا کپ رائزنگ سٹارز کے اب تک ہونے والے 7 ایڈیشنز میں 3 مرتبہ ٹائٹل جیت چکے ہیں۔ گزشتہ ایڈیشن کے ٹی 20 فائنل میں پاکستان نے سپر اوور میں بنگلہ دیش اے کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ اتوار کو ہونے والا فائنل پاکستان شاہینز کی 8 ایڈیشنز میں چھٹی فائنل شرکت ہوگی۔



















