اسلام آباد (مشرق نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی اصولی، سیاسی، سفارتی، انسانی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنماو¿ں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے قابل اعتبار سیاسی عمل کو آگے بڑھائے۔
فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں انکا کہنا تھا کہ غزہ میں شہریوں کی جانوں کا ضیاع، گھروں اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی، جبری بے دخلی اور اشیائے ضروریہ کی قلت کے ساتھ جاری انسانی بحران انتہائی تشویش ناک ہے، جو ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ میں عالمی برادری کی ناکامی کا مظہر ہے۔
صدر اور وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی ہماری قومیت کی بنیادوں میں پیوست ہے، فلسطین کے ساتھ پاکستان کی وابستگی پاکستان کی آزادی سے بھی پہلے کی ہے، اسی میراث کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ بین الاقوامی فورمز پر فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے اور منصفانہ اور پرامن تصفیہ کی وکالت کرتا رہے گا۔
انہوں نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور بااثر عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ محض تشویش سے آگے بڑھ کر فلسطینی عوام کی مشکلات ختم کرنے، خلاف ورزیوں پر جوابدہی یقینی بنانے، بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔



















