اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی حکومت نے رواں سال اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت اضافے کی تیاری کرلی ہے۔ اس اضافے کے نتیجے میں صارفین پر مجموعی طور پر 95 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے، اس سلسلے میں وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پاور ڈویژن نے نیپرا کو باضابطہ درخواست ارسال کردی ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کو ارسال کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ تینوں مہینوں کیلئے بجلی کے نرخوں میں فی یونٹ اوسطاً 3 روپے 4 پیسے اضافہ منظور کیا جائے، مجوزہ اضافہ ستمبر 2026 کے فیول ایڈجسٹمنٹ ریٹ کے مقابلے میں 67 پیسے فی یونٹ زیادہ ہے۔
یاد رہے کہ نیپرا اس درخواست پر 2 دسمبر کو سماعت کریگا جس میں اضافے کی منظوری سے متعلق فیصلہ کیا جائیگا۔ اس سے قبل اکتوبر کیلئے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 2 روپے 88 پیسے اضافے کی درخواست دی گئی تھی، جبکہ نومبر کیلئے وزارت توانائی نے 92 پیسے فی یونٹ اضافے کا تخمینہ لگایا ہے۔
اسی طرح دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے حکومتی اندازہ ہے کہ بجلی کے نرخوں میں فی یونٹ 5 روپے 13 پیسے اضافہ کرنا پڑیگا۔ ان الگ الگ تخمینوں کے تناظر میں پاور ڈویژن کی نئی درخواست میں تینوں مہینوں کیلئے اضافے کی شرح یکساں طور پر اوسطاً 3 روپے 4 پیسے فی یونٹ مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
نیپرا کی جانب سے اس درخواست کی منظوری کی صورت میں بجلی صارفین سے مجموعی طور پر 95 ارب روپے اضافی وصول کئے جائیں گے۔



















