کراچی (مشرق نیوز) صائم ایوب کا کرکٹ سے دل اچاٹ ہونے لگا، انہوں نے خود پی سی بی سے درخواست کی ہے کہ وہ کچھ عرصے کھیل سے دور رہنا چاہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بیٹر ذہنی طور پر مضبوط ہو کر ہی کھیل میں واپس آئیں گے۔ صائم ایوب ان دنوں کیریئر کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں، ناقص کارکردگی کے سبب انہیں قومی اسکواڈ سے بھی باہر کیا جا چکا، صائم نے ڈومیسٹک میچز کھیلنے سے گریز کیا، سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں بھی ان کا نام شامل نہیں ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ صائم نے پی سی بی سے خود کہا ہے کہ وہ فی الحال نہیں کھیل سکتے اور ون ڈے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ٹورنامنٹ سے کرکٹ میں واپسی کا ارادہ ہے، وہ ذہنی طور پر مزید مضبوط ہونا چاہتے ہیں۔ یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی کیریبیئن لیگ میں سنچری کی بنیاد پر صائم ایوب کو انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ کھیلنے کیلئے طلب کیا گیا تھا مگر وہ دونوں اننگز میں صفر پر آﺅٹ ہوئے جس سے اعتماد کم ہو گیا۔
مزید ناکامیوں کے بعد ون ڈے ٹرائنگولر سیریز کی ٹیم سے بھی انہیں باہر کر دیا گیا تھا، اس وقت کہا گیا کہ وہ ڈومیسٹک میچز کھیل کر فارم بحال کریں گے لیکن صائم ایوب نے ایسا نہیں کیا۔ صائم نے گزشتہ برس سری لنکا کیخلاف سیریز سے اب تک آخری 5 ون ڈے میچز میں 60 رنز بنائے ہیں، رواں سال ٹی 20 ورلڈ کپ سے وہ کوئی نصف سنچری نہیں بنا سکے، اس دوران ان کا سکور24،19،6،14،7،21،29،8 رہا۔
پاکستان کیلئے ہر طرز کے آخری 15 میچز کی 16 اننگز میں صائم ایوب نے 11.75 کی اوسط سے 188 رنز بنائے ہیں، اس دوران 33 ان کا سب سے زیادہ سکور رہا۔ مسلسل ناکامیوں کے باوجود ٹیم مینجمنٹ انہیں متواتر مواقع دیتی رہی تاہم اب وہ خود وقفہ لیکر اپنے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔


















