وزیراعظم شہباز شریف کی این سی سی آئی اے کی تنظیم نو کا عمل تیز کرنیکی ہدایت

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی تنظیم نو کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں این سی سی آئی اے کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور مستقبل کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا،وزیراعظم نے سائبر جرائم کی روک تھام اور تحقیقات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئےکہا کہ عوام کو سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
شہباز شریف نے این سی سی آئی اے اور اس کے ذیلی دفاتر میں آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے ماہرین تعینات کرنے اور میرٹ پر بہترین افرادی قوت حاصل کرنے کی ہدایت کی،وزیراعظم نے سائبر کرائم کے زیر التوا مقدمات نمٹانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں این سی سی آئی اے کی اصلاحاتی سفارشات پر غور کیلئے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا گیا۔ کمیٹی میں محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ خواجہ شامل ہیں، جو رواں ہفتے کے اختتام تک اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کریگی۔