پاک، بھارت میچز میں کھلاڑیوں کا نامناسب رویہ، ہربھجن سنگھ کا آئی سی سی اور بورڈز سے مداخلت کا مطالبہ

سابق بھارتی سپنر ہربھجن سنگھ نے پاک بھارت کرکٹ میچز کے دوران کھلاڑیوں کے نامناسب روپے پر تبصرہ کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے ایک تبصرے میں ہربھجن سنگھ نے کہا کہ اب معاملات حد سے زیادہ بڑھ گئے ہیں، دو روز قبل جو کچھ ہوا وہ بالکل ٹھیک نہیں تھا، آئی سی سی اور دونوں بورڈز کو اب آگے آنا چاہیے اور کھلاڑیوں کو روکنا چاہیے۔
سابق بھارتی سپنر کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران تھوڑی بہت نوک جھونک ہوتی آئی ہے اور ہونی بھی چاہیے لیکن معاملہ اس حد تک نہیں بڑھنا چاہیے کہ بعد میں شرمندگی اٹھانی پڑے کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے بھارتی بولر ہرشت رانا کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے درست نہیں کیا، اس طرح کے اقدامات سے آنے والی نسل کیلئے اچھی مثال قائم نہیں ہو رہی۔
ہربھجن سنگھ نے مزید کہا کہ کھیل کو کھیل کے طور پر ہی لینا چاہیے، میدان میں جیتنے کیلئے پورا زور لگائیں لیکن میچ کے بعد اس قسم کا ردعمل دونوں طرف کے کھلاڑیوں کی جانب سے نہیں ہونا چاہیے۔