اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی آئینی عدالت نے تھری ایم پی او کیس میں 16 نومبر کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ کے پی بار کونسل نے مقدمہ میں فریق بننے کی درخواست دی، درخواست گزاروں کے وکیل نے فریق بننے کی درخواست پر جواب جمع کروانے کیلئے وقت مانگا، عدالت نے وکلا کی استدعا منظور کرتے ہوئے جواب جمع کروانے کیلئے وقت دے دیا، 5 نومبر کے عدالتی حکم نامہ کی روشنی میں کے پی حکومت نے جواب جمع کروایا۔
اس میں کہا گیا کہ کے پی حکومت کے جواب کا جائزہ لیا گیا، 5 نومبر کے حکم نامہ کے پیراگراف نمبر 8 میں ترمیم کرتے ہیں، ایمرجنسی کے نفاذ، فوج بلانے اور تھری ایم پی او کے مقدمات کے علاوہ پشاور ہائیکورٹ آرٹیکل 199 کے دیگر مقدمات سن سکتی ہے، سردار لطیف کھوسہ اور بیرسٹر گوہر نے بتایا انہوں نے فریق بننے کی درخواستیں پشاور رجسٹری میں جمع کروائی ہیں۔
حکم نامے کے مطابق رجسٹرار آفس کو حکم دیتے ہیں کہ پی ٹی آئی کی فریق بننے کی درخواستیں آئندہ سماعت پر مرکزی کیس کیساتھ مقرر کی جائیں، اسکے بعد سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔
پشاور ہائیکورٹ ایمرجنسی، فوج بلانے اور تھری ایم پی او مقدمات نہیں سن سکتی، آئینی عدالت



















