لاہور (میاںذیشان) وزیراعلیٰ پنجاب کی کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے، بدعنوان سرکاری افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آگئی۔محکمہ انسداد رشوت ستانی پنجاب نے کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف موثر کارروائی کرتے ہوئے گرفتاریوں اور مقدمات کے اندراج کا سلسلہ مزید وسیع کردیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر گرفتار ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی اور ملازمت سے برخاستگی کے عمل کو بھی یقینی بنانے کی کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے عملی نتائج سامنے آنے لگے، محکمہ انسداد رشوت ستانی نے کرپٹ عناصر کیخلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے سرکاری افسران و اہلکاروں کو قانون کے شکنجے میں لانے کا سلسلہ تیز کردیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے کرپشن میں ملوث ملازمین کے خلاف سخت کارروائی اور گرفتاری کے بعد محکمانہ سطح پر بھی سزا یقینی بنانے کے واضح عزم نے سرکاری محکموں میں احتساب کے عمل کو مزید موثر بنا دیا ہے۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے گرفتاریوں اور مقدمات کے ساتھ متعلقہ محکموں کو محکمانہ کارروائی کیلئے متحرک کیا جا رہا ہے، جس سے سرکاری اداروں میں بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی کو محض گرفتاری تک محدود رکھنے کے بجائے حتمی احتساب کی جانب لے جانے کا تاثر مضبوط ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں وزیراعلیٰ کی ہدایات پر کرپشن کے خلاف جاری کریک ڈاﺅن کے دوران مختلف محکموں کے افسران و اہلکاروں کے خلاف گرفتاری، معطلی، برطرفی، مقدمات کے اندراج اور محکمانہ انکوائریوں سمیت متعدد اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ محکمہ انسداد رشوت ستانی پنجاب نے ماہ اگست 2026 کو محکمہ مال اور پولیس سمیت مختلف محکموں کے درجنوں افسران و ملازمین کو مبینہ کرپشن کے الزامات میں گرفتار کرنے کی کارروائی کی، جس کے بعد صوبہ بھر میں اینٹی کرپشن آپریشن مزید تیز کیا گیا۔ جبکہ ماہ ستمبر میں کرپشن کے الزامات میں ملوث 54 افسران و اہلکاروں کے خلاف معطلی، برطرفی، گرفتاری اور مقدمات کے اندراج سمیت کارروائی عمل میں لائی گئی، جن میں محکمہ خوراک کے48 افسران و اہلکار شامل تھے، جبکہ بہاولپور میں چھ فوڈ گرین انسپکٹروں اور متعلقہ اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست کیے جانے کی کارروائی بھی سامنے آئی۔ اسی طرح پنجاب پولیس میں بھی وزیراعلیٰ کی زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت بڑے پیمانے پر محکمانہ احتساب کیا گیا اور گزشتہ 13 روز کے دوران 791 افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی، جن میں 78 کو ملازمت سے برخاست، 60 کو معطل، 230 کو لائن حاضر، 79 کو تنزلی اور گرفتاری، 274 کے خلاف محکمانہ انکوائری جبکہ 70 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ اسی طرح ڈپٹی کمشنر لاہور نے کرپٹ ریونیو ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے 12 پٹواریوں کو معطل اور 1 پٹواری کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا ہے۔ پنجاب میں کرپشن کے خلاف کارروائی کا عمل گرفتاریوں سے آگے بڑھ کر محکمانہ احتساب اور ملازمت سے علیحدگی تک پہنچ رہا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح پالیسی اور محکمہ انسداد رشوت ستانی کی فعال کارروائیوں کے باعث سرکاری ملازمین کیلئے کرپشن کے خلاف سخت احتساب کا پیغام بھی موثر انداز میں سامنے آیا ہے۔
محکمہ انسداد رشوت ستانی ، سرکاری افسران و اہلکاروں کو قانون کے شکنجے میں لانے کا سلسلہ تیز



















