طالبان دہشتگرد تنظیموں کی حمایت ترک کریں پھر ہی امن ہو سکتا ہے،فیلڈ مارشل

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے افغان طالبان دہشتگرد تنظیموں کی حمایت ترک کریں پھر ہی امن ہو سکتا ہے۔

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا ،مغربی سرحد پر موجودہ سکیورٹی صورتحال و آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا ،مادر وطن کے دفاع میں لازوال قربانیاں دینے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ،وانا میں یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی ،فاتحہ خوانی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کوپاک افغان سرحد پر ہونےوالی پیشرفت ، انٹیلی جنس بنیاد پر جاری آپریشنز اور غضب للحق پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ، بارڈر مینجمنٹ کیلئے کئے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا،سرحدی علاقوں میں تعینات افسروں ،دستوں سے گفتگو کی ، جھڑپوں کے دوران غیرمتزلزل پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل چوکسی اور بلند حوصلے کو سراہا ، ملکی خودمختاری کے تحفظ ،خطے میں امن و استحکام یقینی بنانے کے مستقل عزم کی تعریف کی۔

سید عاصم منیر نے کہا فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان پاکستان کیخلاف افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں، پاکستان کیخلاف دہشتگردکارروائیوں کیلئے افغان سرزمین کا استعمال ناقابل قبول ہے،سرحد پار سے پیدا ہونےوالے خطرے سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے،افغان طالبان دہشتگردی اور دہشتگرد تنظیموں کی حمایت ترک کریں تو ہی دونوں فریقین کے درمیان امن قائم ہو سکتا ہے، شہدا کی قربانیاں ملکی سلامتی اور استحکام کی بنیاد ہیں،چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا، پاک افغان سرحد پر تعینات فارمیشنز کی جنگی تیاریوں اور ہم آہنگی پر مکمل اظہار اعتماد کیا۔