دشمن کی قومی اتحاد پارہ پارہ کرنے کی سازش خاک میں مل گئی،شہبازشریف

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے سانحہ ترلائی میں شہید ہونےوالوں کے لواحقین کو 50،زخمیوں کیلئے 10سے30لاکھ،حملہ آور کو روکتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنےوالے عون عباس کے اہلخانہ کیلئے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا دہشتگردوں کا کوئی دین ہے نہ مذہب، دشمن کی قومی اتحاد و یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کی ناپاک سازش ناکام ہوگئی ، دہشتگردوں کےخلاف جہاد کرنا ہوگا ، افواج پاکستان ، قانون نافذ کرنےوالے اداروں ، پولیس کے جوانوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،ان خیالات کااظہارانہوں نے امام بارگاہ آمد کے موقع پر شہدا کے لواحقین و اہلخانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

شہبازشریف نے کہا اندوہناک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،معصوم بچوں ، بزرگوں ،جوانوں کو شہید کیا گیا ،پوری قوم سوگوار ہے ،تمام مکاتب فکر کے علما و قوم کی جانب سے شدیدمذمت کی گئی، دشمن کی قومی وحدت و یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کی ناپاک سازش خاک میں مل گئی ،شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ،جوانوں نے ملک کیلئے اپنی جانیں قربان کیں اور دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا،قوم شہدا کی قربانیوں کی مقروض ہے۔

وزیراعظم نے دھماکے کی جگہ کا معائنہ بھی کیا اور واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں،شہید عون عباس کے گھر گئے ،اہلخانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا، امام بارگاہ کے منتظمین و شہداکے لواحقین نے کہا دکھ محسوس کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔