سانحہ بھاٹی گیٹ، ماں، بیٹی کی دردناک موت انتظامی سسٹم کی سنگین ناکامی

لاہور(انویسٹی گیشن سیل )سانحہ بھاٹی گیٹ انتظامی کوتاہیوں کا نتیجہ اور بیوروکریسی کا کھیل، سانحہ بھاٹی گیٹ میں ایک ماں اور اس کی نو ماہ کی بچی کا گندے نالے میں گر کر جاں بحق ہونا ہمارے انتظامی نظام کی سنگین ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پہلے ہی اجلاس میں افسران سے سخت باز پرس کی، یہاں تک کہ اسسٹنٹ کمشنر سٹی لاہور سے پوچھا کہ ”تمہیں اپنے علاقے کی حالت زار کا علم نہیں کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور دیگر متعلقہ اداروں پر بھی ذمہ داری عائد کی گئی، لیکن کارروائی کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی بابر علی کو سزا دینے کے بجائے ایک اہم عہدے اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر لاہور پر تعینات کر دیا گیا حیرت کی بات یہ ہے کہ اگر واقعی سزا دینی مقصود ہوتی تو مذکورہ افسر کو کسی دور افتادہ تحصیل میں بھیجا جاتا، جیسا کہ روایت ہے۔ لیکن یہاں تو الٹا انعام دیدیا گیا۔ یہ واقعہ صاف ظاہر کرتا ہے کہ بیوروکریسی کے سامنے کسی کا بس نہیں چلتا، چاہے معاملہ کتنا ہی سنگین کیوں نہ ہو۔ چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تبادلہ عمل میں آیا ہے مگر عوام یہ سوال پوچھنے میں حق رکھتے ہیں کہ انصاف اور احتساب صرف ان لوگوں تک ہی کیوں محدود ہوتا ہے جو براہ راست ذمہ دار نہیں ہوتے ہیں۔ دوسری جانب لاہور میں مین ہول میں گرکر خاتون اور بیٹی کی موت کا المناک واقعہ اور اس پر مزید ستم کہ جاں بحق خاتون کے شوہر کو پولیس نے تشدد کانشانہ بنایا اور رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پر انٹرنل اکاونٹیبلٹی برانچ نے انکوائری مکمل کرلی اور ایڈیشنل آئی جی عمران محمود ، ڈی آئی جی ناصر عزیز ورک اور ڈی آئی جی عمران کشور نے انکوائری کی ایس پی سٹی بلال احمد نے قبول کرلیا کہ خاتون کے شوہر پر تشدد کیا گیا جبکہ ایس ایچ او بھاٹی زین عباس نے بھی غلام مرتضیٰ کو مارنے پیٹنے کا اعتراف کرلیا۔ انکوائری رپورٹ میں ایس پی اور ایس ایچ او کو قصور وار قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دونوں پولیس افسران نے غلام مرتضیٰ پر تشدد ایس ایچ او کے کمرے میں کیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج سے شہادت بھی حاصل کرلی گئی۔غلام مرتضیٰ کو پونے پانچ گھنٹے غیرقانونی حراست میں رکھا گیا اور انکوائری ٹیم کو دیئے گئے بیان میں مظلوم شہری نے بتایا کہ پولیس افسران نے اس پر بیوی اوربیٹی کے قتل کا الزام قبول کرنے کیلئے دباو ڈالا۔رپورٹ میں واقعہ ہینڈل کرنے کا دونوں پولیس افسران کاطریقہ غیر پیشہ ورانہ قرار دیا گیا ہے اور سفارش کی گئی ہے کہ ایس پی سٹی اور ایس ایچ او کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور انکوائری رپورٹ وزیراعلیٰ مریم نواز کو پیش کریں گے مگر ان کو بھی بچا لیا جائیگا اور پھر کسی نہ کسی جگہ اس سے بہتر جگہ پر تعینات کر دیا جائیگا، یہ ہمارے معاشرے کا اور بیورو کریسی کا سچ ہے کہ ان سے طاقتور کوئی نہیں یہ جو چاہے کر سکتے ہیں ۔

لاہور (کرائم رپورٹر سے) سانحہ بھاٹی گیٹ میں اصغر سندھو پراجیکٹ منیجر، احمد نواز سائٹ سپروائزر، حنظہ الیاس سیفٹی انچارج ، عثمان یاسین اور سلمان کو گرفتار کیا گیا جو چھوٹے ملازمین اور کمپنی کے عہدیدار ہیں جن کو بلی کا بکرا بنا کر وزیر اعلیٰ پنجاب کی آنکھوں میں دھول جھونکی گئی اور ذمہ داران کو بچا لیا گیا۔