اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں :آئی جی

لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس نے دھاتی ڈور اور پتنگ بازی کے خلاف صوبہ بھر میں زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واضح کیا ہے کہ اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔آئی جی پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں، جبکہ لاہور میں بھی حکومتی شرائط اور قوانین کے تحت صرف مخصوص دنوں میں بسنت کی محدود اجازت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے اس ”خونی کھیل“ کو روکنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ترجیح ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر صوبہ بھر میں 2234 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 2210 مقدمات درج کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران 1 لاکھ 52 ہزار 808 پتنگیں اور 3148 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی پولیس نے بھرپور ایکشن لیتے ہوئے 1020 ملزمان کو گرفتار کیا، مقدمات درج کیے گئے اور 35 ہزار 547 پتنگیں جبکہ 860 ڈور چرخیاں قبضے میں لی گئیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو اس خطرناک مشغلے سے دور رکھیں۔آئی جی پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ پولیس حکام کے مطابق شہریوں کے تعاون سے ہی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکتا ہے۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب کی زیر صدارت ویڈیو لنک اردل روم منعقد ہوا جس میں 46 سب انسپکٹرز کی اپیلیں منظور کرلی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے اردل روم کا انعقاد کیا گیا، جس میں ترقی سے محروم رہ جانے والے افسران کے کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا اور اے ڈی اسٹیبلشمنٹ عابدہ مظہر موقع پر موجود تھے۔ویڈیو لنک اردل روم میں پنجاب کے مختلف اضلاع، یونٹس اور ونگز میں خدمات انجام دینے والے 105 سب انسپکٹرز نے شرکت کی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اجلاس کے دوران گذشتہ پروموشن بورڈز میں ترقی نہ پانے والے افسران نے اپنی گزارشات پیش کیں۔آئی جی پنجاب نے افسران کے سروس ریکارڈ، کارکردگی اور دیگر متعلقہ پہلوو¿ں کا جائزہ لیتے ہوئے 46 سب انسپکٹرز کی اپیلیں منظور کر لیں، جن کے کیسز آئندہ پروموشن بورڈ میں زیر غور لائے جائیں گے۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس میں میرٹ، سنیارٹی اور شفافیت کی بنیاد پر پروموشنز کا عمل بلا تعطل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران کی ترقی میں شفاف کیریئر، مکمل سروس ریکارڈ، فیلڈ تجربہ اور انٹیلی جنس رپورٹس کلیدی اہمیت رکھتی ہیں۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ مختلف عہدوں پر ترقی کے امیدوار افسران اپنی سالانہ خفیہ رپورٹس (اے سی آرز) اور دیگر ریکارڈ مکمل رکھیں اور دیانتداری کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت جاری رکھیں۔