پشاور (بیورو رپورٹ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ا نتشار،گالم گلوچ سے امن قائم نہیں ہوسکتا،پاکستان اور آئین کو نہ ماننے والوں سے کیسے مذاکرات کریں، دہشت گردی کے ثبوت مانگنے پر سہیل آفریدی کو افغانستان کا سفیر ہونا چاہیے، اگر افغانستان دہشتگردی نہیں کررہا تو کون کررہا ہے؟،پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر کے پی نے کہا صوبے میں امن و امان قائم کرنے کےلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا، آئی ڈی پیز کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ، قانون نافذ کرنے والے ادارے قیام امن کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، دہشت گردی کے واقعات میں افغان سرزمین استعمال ہو رہی ہے اور بعض حملوں میں افغان شہری ملوث پائے گئے ہیں، پاکستان نے افغان حکومت کو دہشت گردی کے واضح ثبوت فراہم کئے ہیںتاہم وزیراعلیٰ کے پی کا سرحد پار جا کر ثبوت طلب کرنا غیر منطقی اور مضحکہ خیز اقدام ہے، پی ٹی آئی قیادت ہمیشہ منفی بیانات اور انتشار پھیلانے کی پالیسی پر عمل کرتی رہی ہے،خیبرپختونخوا میں امن کی صورتحال خراب ہو رہی ہے اور سکیورٹی فورسز سمیت عام شہری بھی دہشت گردوں کا نشانہ بن رہے ہیں اگر صوبے میں امن قائم ہوگا تو ترقی کے تمام وسائل بروئے کار لائے جا سکیں گے، عوام کی فلاح و بہبود میں اضافہ ہوگا،فیصل کریم کنڈی نے کہاجو لوگ پاکستان اور آئین کے اصولوں کو نہیں مانتے، ان سے مذاکرات کیسے کئے جا سکتے ہیں، اور کے پی میں قیام امن کیلئے افواج پاکستان اور سکیورٹی اداروں کی کوششیں قابل ستائش ہیں، امن ہی ترقی کی ضامن ہے اور صوبے کو دہشت گردی سے پاک رکھنے کی تمام کوششیں جاری رہیں گی۔
پاکستان اور آئین کو نہ ماننے والوں سے کیسے مذاکرات کریں: فیصل کنڈی



















