بغیر دستخط آرڈیننس کے اجراءسے حکومتی مکاری عیاں ہوگئی:فضل الرحمن

لاہور (وقائع نگار) سربراہ جے یو آئی فضل الرحمن نے کہا ہے مدارس کی آزادی اور خودمختاری ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، صدر کے دستخط کے بغیر آرڈیننس کے اجراءسے حکومتی عیاری عیاں ہوگئی،سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن نے جنرل سیکرٹری جے یو آئی لاہور حافظ عبدالرحمن سے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں مولانا فاضل عثمانی، مولانا مقصود الوری، حافظ زین العابدین، سلمان عارف، شاہد و دیگر جماعتی ذمہ داران موجود تھے، فضل الرحمن نے پارٹی رہنماقاری طاہر کی وفات پر اہل خانہ سے تعزیت بھی کی، فضل الرحمن نے کہا مدارس کی آزادی اور خودمختاری ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، مدارس پر دباو بیرونی ایجنڈا ہے جسے مسترد کرتے ہیں، حکمران دینی اداروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھیں،دریں اثنا ترجمان جے یو آئی نے کہا صدر کے دستخط کے بغیر آرڈیننس کے اجراءسے حکومتی عیاری عیاں ہو گئی، صدر مملکت کے آفس، پارلیمنٹ، سیاست دانوں اور جمہوریت کی توہین کی گئی، جمہوریت کے ٹھیکے داروں نے آئین اور جمہوریت کو مذاق بنا دیا، حکمرانوں نے چند روزہ اقتدار کےلئے آئین، اقدار اور جمہوریت کو زندہ درگور کردیا، شاید مستقبل میں آرڈیننس، ترامیم کےلئے پارلیمنٹ، دستخطوں کا تکلف ہی نہ کرنا پڑے،ترجمان اسلم غوری نے کہا جعلی اور جبری طریقے سے دی گئی اکثریت میں ایسا ہی ہوتا ہے، ن لیگ اور پی پی کے اقتدار کے شوق کی قیمت ہمیشہ عوام نے چکائی، حکومتی کارنامے ثابت کررہے ہیں کہ حکمران اپنی نوکری بچانے کی راہ پر گامزن ہیں، عوام کی کوئی فکر نہیں ، پارلیمنٹ کسی آرڈیننس فیکٹری کا منظر پیش کررہی ہے۔