غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے:وزیر اعظم

اسلام آباد(بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی ایرکسن کے وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت کمپنی کے صدر اور مارکیٹ ایریا یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے سربراہ پیٹرک جوہانسن نے کی، شہباز شریف نے ایرکسن کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان میں ٹیلی کمیونی کیشن سیکٹر کی ترقی اور سرمایہ کاری میں کمپنی کے کردار کو سراہا، ملاقات کے دوران اقتصادی ترقی، پیداواری صلاحیت میں اضافے اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کےلئے اگلی نسل کے ڈیجیٹل رابطوں کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو ہوئی،وزیراعظم نے فائیو جی سمیت جدید نیٹ ورکس کے فروغ کےلئے ایرکسن کے تجربات سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور محفوظ و پائیدار آئی ٹی انفرااسٹرکچر کی ترقی کو یقینی بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا،شہباز شریف نے کہا حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں سٹرٹیجک شراکت داری کے فروغ کےلئے مکمل حمایت جاری رکھے گی۔