دیوار سے لگایا جائے توپھر احتجاج کا آپشن ہی بچتا ہے،وزیراعلیٰ کے پی
کراچی: (بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہاہے قومی اثاثوں کے بعد اب انصاف بھی برائے فروخت،عدلیہ آزاد ہوگی تو ہی ملک چلے گا،دیوار سے لگایا جائے توپھر احتجاج کا آپشن ہی بچتا ہے۔
سہیل آفریدی نے دورہ سندھ کے آخری روز مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی ،پھولوں کی چادر چڑھائی، تاثراتی نوٹ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا بانی پاکستان کے افکار مشعل راہ،قوم و ریاستی ادارے قائداعظم کے اصولوں پر عمل کریں تاکہ ملک آئینی راستے پر آگے بڑھے،بعد ازاں سہیل آفریدی سندھ ہائی کورٹ پہنچے ،پرتپاک استقبال کیا گیا،صدر سندھ ہائیکورٹ بارحسیب جمالی نے اجرک، سندھی ٹوپی اور اعزازی شیلڈ پیش کی۔
وکلا سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی نے کہا موجودہ سندھ حکومت نے مہمانوں کےساتھ مناسب رویہ اختیار نہیں کیا ،سندھی ثقافت کی علامت اجرک اور ٹوپی کی بھی عزت نہیں رکھی،ملک میں آئین و قانون کےساتھ کھلواڑ ہو رہا ،اداروں کو کمزور کیا جا رہا ،خمیازہ پورا پاکستان بھگت رہا ہے،پی آئی اے جیسے قومی ادارے نیلام ،انصاف کو بھی خرید و فروخت کی شے بنا دیا گیاحالانکہ انصاف کبھی برائے فروخت نہیں ہونا چاہیے۔
سہیل آفریدی نے کہا اسلام آباد ہائی کورٹ کے 3ججز نے عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی مگر جیل سپرنٹنڈنٹ نے عدالتی حکم کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا،تمام راستے بند کر دئیے جائیں تو احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں بچتا،وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو بھی خط لکھا مگر نہ ملاقات ممکن ہو سکی،عمران خان پاکستان کے مقبول ترین لیڈر اور حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں جب تک وکلا کھڑے نہیں ہوں گے، عدلیہ آزاد نہیں ہو سکتی۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا پی ٹی آئی کی جدوجہد ہمیشہ پرامن رہی ، حق کےلئے ڈرنے کی کوئی گنجائش نہیں،ملک شدید معاشی بحران کا شکار ، نوجوان ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں، 45فیصد سے زائد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے ،بےروزگاری کی شرح خطرناک حد تک بڑھ چکی مگر حکمرانوں کو صرف اپنی حکومت بچانے کی فکر ہے،عمران خان کی جانب سے سٹریٹ موومنٹ کا پیغام لایا ہوں،آئین و قانون کی بحالی کےلئے متحد ہو کر جدوجہد کی جائے،آزادی پلیٹ میں نہیں ملے گی۔



















