کراچی (مشرق نیوز) کراچی میں دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران ناکام بناتے ہوئے 2 ہزار کلوگرام سے زائد انتہائی خطرناک بارودی مواد برآمد کرکے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر نے بتایا کہ پریمیئرانٹیلی جنس ایجنسی کی اطلاعات پر قانون نافذکرنے والے اداروں نے بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔ کئی دن کی محنت کے بعد ایک دہشت گرد گرفتارکیا گیا، گرفتار ملزم سے تفتیش کی مدد سے گزشتہ رات مزید 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
گرفتار دہشت گردوں میں جلیل عرف فرید، نیازعرف کنگ اور حمدان عرف فریدشامل ہیں، دہشت گردوں کا کراچی میں سویلین اہداف کونشانہ بنانے کا پلان تھا، دھماکا خیزمواد افغانستان سے بلوچستان اور پھر کراچی لایاگیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ سیکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی کے باعث شہر کو ایک بڑی تباہی سے بچا لیا گیا۔ ہم کراچی کو محفوظ رکھنےمیں کامیاب ہوئے۔
وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والوں نے بڑی اور کامیاب کارروائی کی، کامیاب آپریشن میں مجید بریگیڈ کے کارندے پکڑے گئے، دہشت گرد نیٹ ورک کے تانے بانے بشیرزیب، کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ سے ملتے ہیں، دہشت گردوں نے کراچی میں سویلین اہداف کونشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررکھی تھی۔
کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا، دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام



















