ساہیوال (بےورورپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر سہیل انور چوہدری سے پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج ڈاکٹر محمد اختر نے ملاقات کی اور انہیں ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے انتظامی و طبی امور، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، طبی سہولیات میں بہتری اور مریضوں کو بہتر علاج معالجے کی فراہمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمشنر ساہیوال نے ہسپتال میں طبی سہولیات کی بہتری اور عوام کو معیاری علاج کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈاکٹر سہیل انور چوہدری کی زیر صدارت بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ کے افسران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر سمیت محکمہ بلڈنگز کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈویژن بھر میں محکمہ بلڈنگز کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں، سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27ءکی پیشرفت، فنڈز کے اجراءاور اخراجات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 100 سکیموں پر کام جاری ہے جن کی مجموعی منظور شدہ لاگت 18 ارب 47 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ ان میں ساہیوال کی 47، پاکپتن کی 23 اور اوکاڑہ کی 30 ترقیاتی سکیمیں شامل ہیں۔ رواں مالی سال کے دوران ان منصوبوں کیلئے 3 ارب 32 کروڑ روپے سے زائد مختص کئے گئے ہیں جن میں سے 2 ارب 59 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ 1 ارب 80 کروڑ روپے سے زائد خرچ کئے گئے ہیں۔کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور دستیاب فنڈز کا بروقت اور موثر استعمال یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی جبکہ تعمیراتی کاموں میں معیار اور شفافیت کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ متعلقہ افسران باقاعدگی سے فیلڈ وزٹس کریں، کام کی پیشرفت کا خود جائزہ لیں اور مقررہ اہداف کے حصول میں حائل رکاوٹیں فوری دور کریں۔ کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیموں کی فزیکل اور فنانشل پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے اور فنڈز کے استعمال کو عملی پیش رفت سے ہم آہنگ رکھا جائے تاکہ عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات بروقت میسر آ سکیں۔ انہوں نے افسران کو باہمی رابطے اور م¶ثر نگرانی کے ذریعے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈاکٹر سہیل انور چوہدری نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت شہریوں کے مسائل سنے۔ انہوں نے تمام درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور ان کے فوری حل کے لئے احکامات جاری کئے۔
ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی : کمشنر ساہیوال



















