ایل ڈی اے افسران اور گرین لینڈ ہاﺅسنگ سوسائٹی انتظامیہ کا گٹھ جوڑ بے نقاب

لاہور (میاں ذیشان، عکاسی: میاں شاہنواز) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران اور گرین لینڈ ہاﺅسنگ سوسائٹی انتظامیہ کا گٹھ جوڑ بے نقاب، پرائیویٹ ہاﺅسنگ سکیم رولز کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کرنے کی بجائے سہولت کاری شروع کر دی گئی۔ ہاﺅسنگ سکیم میں غیر قانونی توسیع ، سرکاری نالوں کھالوں پر کمرشل تعمیرات، رہن شدہ پلاٹوں کی فروخت، توسیع میں منظوری کے بغیر اشتہارات ، سائن بورڈز اور تشہیر، بغیر منظوری نقشہ تعمیراتی کاموں پر نہ تو کوئی شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سوسائٹی آفس کو سیل کیا گیا ہے نہ ہی عوامی اشتہار کے ذریعے سوسائٹی کو بلیک لسٹ کر کے انتظامیہ کو بھائی جرمانہ عائد کر کے اس فراڈ کو بے نقاب کیا تا کہ شہری اس دھوکہ دہی سے بچ سکیں۔ شہریوں نے ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی طاہر محمود سے گرین لینڈ ہاﺅسنگ سکیم پر پلاٹوں کی فروخت کے لئے انتقالات کے اندراج، فردات کے اجراءاور رجسٹریوں کی تصدیق پر پابندی عائد کرنے ، جبکہ میونسپل سروسیز فراہم کرنے والے محکمہ جات تمام سروسز منقطع کرنے کی ہدایات کرنے اور ایل ڈی اے کے افسران و ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کرنے کی استدعا کر دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بعض افسران اور گرین لینڈ ہاﺅسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گیا ہے، جہاں پرائیویٹ ہاﺅسنگ سکیم رولز 2014 کی صریح خلاف ورزیوں کے باوجود قانونی کارروائی کرنے کے بجائے سہولت کاری کا رویہ اختیار کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق گرین لینڈ ہاﺅسنگ سکیم میں ایل ڈی اے پرائیویٹ ہاﺅسنگ سکیم رولز 2014 کے سیکشن 3 اور 4 کے تحت لازمی منظوری کے بغیر غیر قانونی توسیع کر کے پلاٹوں کو فروخت کر کے کروڑوں روپے بٹور لئے گئے ہیں جبکہ سیکشن 17 کے تحت ممنوع ہونے کے باوجود سرکاری نالوں اور کھالوں پر نجی پرائیویٹ سکول کی صورت میں کمرشل تعمیرات کھڑی کر دی گئیں جو براہ راست عوامی مفاد اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے منظوری کے وقت ترقیاتی کاموں مکمل ہونے تک سوسائٹی کے Aبلاک میں کل 6 پلاٹس نمبران 7، 9، 10، 12،13، 14جبکہ بلاک B میں کل 9 پلاٹ نمبران 33، 34، 37، 102،103،104،105، 112، 113 اور اپارٹمنٹ نمبر 1 کو بطور رہن کروایا گیا تھا لیکن سیکشن 9 کے برعکس رہن شدہ پلاٹوں میں سے بیشتر کی فروخت کا سلسلہ جاری رکھا گیا حالانکہ رولز کے مطابق رہن شدہ اراضی یا پلاٹس کو ڈی مارگیج کئے بغیر فروخت کرنا سنگین جرم ہے۔ اسی طرح مذکورہ رولز کے سیکشن 7 کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے توسیعی حصے میں بغیر منظوری اشتہارات، سائن بورڈز اور تشہیری مہم چلائی گئی، جبکہ سیکشن 10 کے تحت منظور شدہ لے آﺅٹ پلان اور نقشہ جات کے بغیر تعمیراتی سرگرمیاں جاری رہیں مگر نہ تو کسی قسم کے شوکاز نوٹس جاری کئے گئے، نہ ہی سوسائٹی آفس کو سیل کیا گیا اور نہ ہی سیکشن 21 کے تحت سوسائٹی کو بلیک لسٹ کر کے جرمانے عائد کئے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ایل ڈی اے قوانین کے مطابق عوامی مفاد میں کارروائی کرتا تو اخبارات کے ذریعے عوامی نوٹس جاری کر کے فراڈ کو بے نقاب کیا جاتا تاکہ شہری دھوکہ دہی سے بچ سکتے، مگر اس کے برعکس خاموشی اختیار کر کے غیر قانونی سرگرمیوں کو تحفظ دیا گیا، شہریوں کی ایک کثیر تعداد نے ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی طاہر محمود سے مطالبہ کیا ہے کہ گرین لینڈ ہاﺅسنگ سکیم میں پلاٹوں کی فروخت کیلئے انتقالات کے اندراج، فردات کے اجراءاور رجسٹریوں کی تصدیق پر فوری پابندی عائد کی جائے، جبکہ واسا، ایل ای ایس سی او، سوئی گیس اور دیگر میونسپل سروس فراہم کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ سکیم کو فراہم کی جانے والی تمام سہولیات منقطع کریں اور اس پورے معاملے میں ملوث ایل ڈی اے افسران و ملازمین کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ قانون کی بالادستی قائم ہو اور شہریوں کا اعتماد بحال ہو سکے۔

لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایل ڈی اے پرائیویٹ ہاﺅسنگ سکیم رولز 2014 کا سیکشن 7 واضح طور پر کہتا ہے کہ کسی بھی ہاﺅسنگ سکیم یا اس کی توسیع کی تشہیر، اشتہار یا سائن بورڈ ایل ڈی اے کی تحریری منظوری کے بغیر نہیں لگایا جا سکتا، اس کے باوجود گرین لینڈ ہاﺅسنگ سکیم میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی تشہیر اس امر کا ثبوت ہے کہ ریگولیٹری اتھارٹی کی رِٹ کو دانستہ نظرانداز کیا گیا۔لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کر سوسائٹی مالکان کے خلاف فوجداری مقدمات کا اندراج کروا کر غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کر دینا چاہئے۔

لاہور (سپیشل رپورٹر) گرین لینڈ ہاﺅسنگ سوسائٹی کے ترجمان عاصم علی خان سے گرین لینڈ ہاﺅسنگ سوسائٹی میں ہونیوالی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر وضاحت لینے کیلئے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ مجھے دو یوم کا ٹائم دیا جائے پھر میں آپکو اس حوالے سے بھرپور موقف دیتا ہوں۔ ترجمان عاصم علی خان اگر اپنا موقف دینا چاہیں تو روزنامہ مشرق میں ان کے موقف کو من و عن شائع کیا جائیگا۔

لاہور (سپیشل رپورٹر) ترجمان لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اسامہ محمود اور شعبہ میٹروپولیٹن پلاننگ زون 1 کی ڈائریکٹر بشریٰ خالد سے سوسائٹی میں ہونیوالے بے ضابطگیوں اور رولز کی خلاف ورزیوں پر بار ہا رابطہ کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر زون 1 میٹرپولیٹن پلاننگ بشریٰ خالد سے نہ تو واٹس ایپ پر رابطہ ممکن ہو پایا اور نہ ہی انہوں کال پر اپنا موقف پیش کیا جبکہ ترجمان کو بار ہا مسیج کئے گئے ہیں لیکن اسامہ محمود کی طرف سے بھی موقف کے حوالے سے کوئی وضاحت سامنے نہ آ سکی ہے۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان اسامہ محمود اور ڈائریکٹر بشریٰ خالد اپنا موقف پیش کرنا چاہیں تو مشرق اخبار کے صفحات حاضر ہیں۔