دوست ممالک کے کیڈٹس کی تربیت پاک بحریہ کی روایت ہے: ریئر ایڈمرل احمد ابراہیم

کراچی (بیورو رپورٹ) 124ویں مڈشپ مین اور 32ویں شارٹ سروس کمیشن (ایس ایس سی) کورس کی کمیشننگ پریڈ پاکستان نیول اکیڈمی، کراچی میں منعقد ہوئی جس میں 90 مڈشپ مین اور 34 ایس ایس سی کیڈٹس پاس آوٹ ہوئے۔ کمانڈر رائل بحرین نیول فورس ریئر ایڈمرل احمد محمد ابراہیم آل بن علی نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔نیول اکیڈمی آمد پر مہمانِ خصوصی کا استقبال چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کیا۔مہمان خصوصی جو خود بھی پاکستان نیول اکیڈمی کے فارغ التحصیل ہیں، نے کمیشننگ پریڈ کے معائنے کو اپنے لئے باعث فخر قرار دیا اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اسے ایک اہم علاقائی قوت قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوست ممالک کے کیڈٹس کو تربیت فراہم کرنے کی پاک بحریہ کی دیرینہ روایت بدستور جاری ہے جس کا ثبوت اس پریڈ میں بحرین، عراق، جمہوریہ جبوتی، سری لنکا اور ترکیہ کے کیڈٹس کی شمولیت ہے۔ مہمان خصوصی نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ تعلقات، مشترکہ اقدار اور باہمی ترقی کے عزم کو بھی اجاگر کیا۔ بعد ازاں مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کئے۔ مڈشپ مین محمد عزیر عباس کو مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پرعزازی شمشیرسے نوازا گیا، جبکہ مڈشپ مین شہاب احمد نے اکیڈمی ڈرک حاصل کی۔پاکستان سے آفیسر کیڈٹ عمر مختار اور عراق سے آفیسر کیڈٹ الذھبی فہد حسام فرید کوچیف آف دی نیول سٹاف گولڈ میڈلز اور ایس ایس سی کورس کے آفیسر کیڈٹ سید سعد شاہد کو کمانڈنٹ گولڈ میڈل دیا گیا۔ پروفیشنسی بینر کواٹرڈیک سکواڈرن نے حاصل کیا۔ تقریب میں فوجی افسران، معززیں اور کیڈٹس کے والدین نے شرکت کی۔