زیادتی کا مقدمہ زنا بالرضا میں تبدیل ، ملز م کی سزا میں کمی


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)زیادتی کا مقدمہ زنا بالرضا میں تبدیل ،سپریم کورٹ نے ملزم کی 20 سال کی سزا ختم کر کے 5 سال قید بامشقت کر دی،جسٹس ملک شہزاد خان نے 6 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیا، جسٹس صلاح الدین پنور نے فیصلے سے اختلاف کیا۔

سپریم کورٹ نے ملزم پر جرمانہ بھی 5 لاکھ سے کم کر کے 10 ہزار روپے کر دیا، جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مجرم مزید 2 ماہ تک قید رہے گا، ملزم کیخلاف کیس ریپ کا نہیں بلکہ رضامندی سے زنا کا بنتا ہے، رضامندی سے زنا پر مدعیہ بھی سزا کی حقدار ہے،فیصلے کے مطابق مدعی مقدمہ کا چالان ہوا نہ ہی ٹرائل کورٹ میں صفائی کا موقع مل سکا، سپریم کورٹ میں اپیل کی سطح پر شنوائی کے بغیر سزا نہیں دی جا سکتی، ملزم کو زیادتی کے بڑے جرم کی جگہ چھوٹے جرم یعنی زنا بالرضا میں سزا دی جا سکتی ہے۔

فیصلے میں درج ہے ایف آئی آر کے مطابق خاتون صبح 5:30پرجنگل میں حاجت کیلئے گئی ، مدعیہ کے مطابق گھات لگائے بیٹھے ملزم نے پستول کے زور پرزیادتی کا نشانہ بنایا، ایف آئی آر وقوعہ کے تقریباً 7 ماہ بعد درج کی گئی،سپریم کورٹ نے قرار دیامدعیہ مخصوص وقت پر جنگل آئے گی ملزم کو کیسے پتہ تھا ،استغاثہ خاموش ہے، مدعیہ نے وقوعہ کے وقت کوئی مزاحمت نہیں کی، میڈیکل رپورٹ میں تشدد یا زخموں کے نشانات موجود نہیں، متاثرہ خاتون کے کپڑے بطور ثبوت پیش نہیں کیے گئے، نہ ثابت ہوا کپڑے پھٹے ہوئے تھے۔

سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہ اواقعہ رہائشی علاقے کے قریب پیش آیا مگر مدعیہ نے شور کیا نہ کسی کو مدد کےلئے بلایا، وقوعہ کے 7ماہ تک خاتون نے کوئی کارروائی کی نہ اپنے اہلخانہ سے تذکرہ کیا،ڈی این اے کی صداقت کا معاملہ کسی اور کیس میں طے ہوگا، ڈی این اے ٹیسٹ سیمپل لئے جانے کے ڈیڑھ سال بعد کیا گیا، میڈیکل ریسرچ پر مبنی جریدے کے مطابق ڈی این اے سیمپل کا درست نتیجہ 2ہفتے کے اندر ہی آ سکتا ہے،جنسی تعلق قائم ہونا مدعیہ کے بیان و میڈیکل شواہد سے ثابت ہے، شواہد سے جنسی تعلق تو ثابت ہوتا لیکن زبردستی کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔