کسی بھی مسافر کو جہاز سے اتارنے پر تحریری وجہ دینا لازمی
لاہور:(کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کابڑا فیصلہ، بیرون ملک جانےوالے کسی بھی شہری کو آف لوڈ کرنے کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوری طور پر تحریری وجوہات فراہم کرنے کا پابند بنا دیا۔
عبوری تحریری حکم جسٹس علی ضیا باجوہ نے درخواست گزار چودھری شہریار قندیل کی درخواست پر جاری کیا۔
عدالت نے واضح کیا انتظامی صوابدید خواہ کتنی ہی وسیع کیوں نہ ہو شہریوں کی آئینی آزادی سلب کرنے کا جواز فراہم نہیں کر سکتی،کسی مسافر کے پاس مکمل سفری دستاویزات موجود ہوں تو مناسب قانونی کارروائی پر عمل کیے بغیر سفر سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔
جسٹس علی ضیا باجوہ نے واضح کیا جہاں بھی ریاست کسی شہری کی ذاتی آزادی پر پابندی عائد کرنا چاہے تو واضح قانونی اختیار دکھانا ہوگا، محض انتظامی فیصلے کی بنیاد پر کسی شخص کو بیرون ملک سفر سے روکنا آئین کے تحت دی گئی آزاد نقل و حرکت کے حق کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔



















