لاہور(قاضی ندیم اقبال / عکاسی:واحد شہزاد)سیکرٹری / چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسا ن بھٹہ نے کہا ہے کہ اولیاءکرام کے مزارات رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہیں۔ آپ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی اسلام اور انسانیت کی بہتر طریقے سے خدمت کی جا سکتی ہے۔محکمانہ آمدن میں حقیقی اضافہ کیلئے کمرشل پالیسی کو شفاف انداز میں آگے لے جانے کے علاوہ ادارہ میں جزا و سزا کے عمل کو موثر بنایا جائے گا۔ زونل ایڈمنسٹریٹرز پر واضح کر دیا ہے کہ دفاتر میں بیٹھ کر ”سب اچھا ہے“ کی رپورٹ دینے کی بجائے فیلڈ میں نکلیں۔ تاکہ ہر حوالے سے بہتری لائی جا سکے۔ حکومت پنجاب کی ترجیحات اور گائیڈ لائنز کی روشنی میں ڈسپلن کے معاملہ پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔ جبکہ فنانشل ڈسپلن کی پاسداری اور صوبہ بھر میں جاری ترقیاتی کاموں کو بروقت مکمل کرنے کیلئے پراجیکٹ ڈائریکٹوریٹ کو گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ رائٹ مین، رائٹ جاب فارمولا پرعمل درآمد ہو گا۔ایوان اوقاف سمیت صوبہ بھر میں بائیو میٹرک سسٹم پر حاضری ہو گی۔کام کرنے والوں کی تعظیم کی جائے گی اور کام دکھانے والوں کو جزا و سزا کے عمل سے گذارا جائے گا۔وقف املاک پر قبضہ کرنے والوں اور کرانے والوں کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی جائے گی۔ جو زونل ایڈمنسٹریٹر اور منیجر اس عمل میں کوتاہی برتے گا، وہ فیلڈ میں تعیناتی کا اہل نہیں ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”مشرق“ کو دئیے گئے خصوصی انٹرویو میں کیا۔ڈاکٹر احسان بھٹی نے کہا کہ بزرگان دین کے مزار پر حاضری سے انسان کو روحانی حقیقی سکون ملتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محکمہ کے ذمہ داروں کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے مطابق محکمہ اوقاف کی کمرشل پالیسی کا گزٹ نوٹیفیکیشن 22نومبر2023 کو نوٹیفیکیشن جاری ہوا۔ اب تک 80 کمرشل سائٹس نیلام ہو چکیں۔جس کے نتیجے میں گڈ ول کی مد میں ادارے کو 57کروڑ60لاکھ36ہزازر روپے،ماہوار کرایہ کی مد میں 01کروڑ51لاکھ61ہزار روپے کی آمدن شروع ہوئی۔ جس میں ہر سال 10فی صد اضافہ بھی ہو گا۔جبکہ 27کمرشل سائٹس ابھی نیلامی کیلئے دستیاب ہیں۔ محکمہ آمدن میں اضافہ کیلئے کمرشل سائٹس کی نیلامی کا عمل مزید بہتر اور شفاف بنایا جائے گا۔ یہی نہیں فیلڈ سٹاف کو محکمانہ اہداف کے حصول کیلئے ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔ جن کا وقتا فوقتا جائزہ لیا جاتا رہے گا۔ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ صوفیائے کرام نے بر صغیر پاک و ہند میں اسلامی تعلیمات کو فروغ دیا اور لاکھوں لوگوں کو حلقہ بگوش اسلام کیا۔حضرت داتا گنج بخش تقریباً 1000 ہزار سال قبل لاہور میں تشریف لائے اور انسان دوستی، محبت، اخوت اور رواداری پر مبنی اپنی سیرت وکردار کے سبب لاہور داتا کی نگری بن گیا۔ حضرت داتا گنج بخش کی تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ آپ نے دین اسلام کی جو خدمت کی اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔حضرت سیدنا ہجویری نے اسلام کا پرچم پورے برصغیر میں سربلند کیا۔ آپ کی تعلیمات امن بھائی چارے کا درس دیتی ہیں۔سیکرٹری / چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف نے کہا کہ اوقاف آفیسر کالونی حضرت شاہ کمال کے دورے کے دوران صفائی کی دگرگوں حالت اور کالونی کے دیگر معاملات کو دیکھ کر شدید دکھ ہوا۔ اور ہدایات جاری کی ہیں کہ کالونی میں موجود پارک تعمیر کو بہتر کیا جائے، وہ حقیقی معنوں میں پارک دکھائی دینا چاہئے اس میں اوپن جم قائم کی جائے، واکنگ ٹریک اور بچوں کے کھیلنے کا علاقہ بنایا جائے، جبکہ صفائی ستھرائی اور سیوریج کے نظام کو مو¿ثر بنایا جائے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ جامعہ مسجد داتا دربار کی توسیع کے منصوبے کے علاوہ اوقاف کالونی شاہ کمال ، صوفی شاعربابا بلھے شاہ کے مزارات کا دورے کر کے وہاں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کوہدایت کی ہے کہ تمام جاری تعمیراتی اور بحالی کے کام اسپیشل پریمیسز کمیٹی کی سفارشات کے مطابق اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیے جائیں۔اعلیٰ ترین معیار ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ دربار اور مسجد ایک روحانی اور سماجی مرکز کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی اپ گریڈیشن میں کوئی کمی کوتاہی کا عمل سامنے نہیں آنا چاہئے۔محکمہ اوقاف پنجاب کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح کیلئے ہیں اور ان کی بروقت تکمیل پنجاب حکومت کے وڑن کا حصہ ہیں۔ مساجد و مزارات کی ترقی اور بحالی مذہبی ورثے کے تحفظ کیلئے ناگزیر ہے۔یہ مقامات مسلمانوں کی وحدت، تعلیم اور روحانی تربیت کے اہم مراکز بھی ہیں۔
سٹیٹ اور فنانس ڈائریکٹوریٹ کو اہداف دیکر کام لیا جائیگا، چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف
لاہور(نمائندہ خصوصی) سٹیٹ اور فنانس ڈائریکٹوریٹ کو اہداف دیکر کام لیا جائیگا۔اس ضمن میں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ دونوں ڈائریکٹوریٹ کا تعلق براہ راست فیلڈ سٹاف سے ہے۔”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری /چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ وقف املاک کی نیلامی، لیز پر دینے، ان کے کرایہ جات کی ریکوری کا گراف بہتر بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ کوئی بھی شخص کسی بھی سیٹ /آسامی کیلئے لازم نہیں ہے۔اس وقت محکمہ کے زیر انتظام مجموعی طور پر 74 ہزار 964 ایکڑ ایک کنال 14 مرلے وقف اراضی موجود ہے جس میں سے 29 ہزار 907 ایکڑ 5 کنال 11 مرلے وقف اراضی کاشتہ ہے اور 45 ہزار 56 ایکڑ 4 کنال 3 مرلے غیر کاشتہ ہے۔اس غیر کاشتہ میں 1426رہائشی گھر، 06ہزار179دوکانیں، اور 590 دیگر پراپرٹی بھی شامل ہے۔اسٹیٹ ڈائریکٹوریٹ کی کارکردگی کو اپ لفٹ کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ اس کا براہ راست رابطہ فیلڈ سٹاف سے بھی ہے۔ آنے والے دنوں میں گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے ان کو اہداف دئیے جائیں گے۔ تاکہ محکمانہ آمدن میں اضافہ ممکن ہو سکے۔
علماءو مشائخ حکومت کے دست و بازو ہیں، اظہار خیال
لاہور(نمائندہ خصوصی)بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے محکمہ اوقاف کا کردار لازوال ہے۔تمام مسالک سے وابستہ علماءمشائخ حکومت پنجاب اور حکومت پاکستان کے دست و بازو ہیں۔ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ حکومتی ترجیحات اور گائیڈ لائنز کی روشنی میں مذہبی ڈائریکٹوریٹ کے تحت ہونے والی تقاریب کو پہلے سے زیادہ منظم اور بہترین بنانے پر فوکس کیا جائیگا۔ اس ضمن میں ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور کام کی ابتدا کر چکے ہیں۔
رائٹ مین، رائٹ جاب فارمولا پر عملدرآمد ہو گا: سیکرٹری اوقاف



















