برسلز (نمائندہ مشرق) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، عراقی وزیر داخلہ جنرل عبدالامیر الشمری کے درمیان برسلز میں اہم ملاقات ہوئی جس میں پاک عراق دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی تعاون اور زائرین کی سہولت کےلئے کیے جانےوالے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں دونوں ممالک کی وزارات داخلہ کے درمیان تعاون کو پائیدار اور موثر بنیادوں پر مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا، عراقی وزیر داخلہ نے پاکستان کی جانب سے زائرین گروپس کو باقاعدہ منظم اور ریگولیٹ کرنے کے حالیہ اقدامات کو بھرپور سراہتے ہوئے کہا آپ کے دور میں پہلی بار زائرین گروپس کو منظم کرنے کےلئے موثر اقدامات کیے گئے جو قابلِ تحسین ہیں،عراقی وزیر داخلہ نے یقین دہانی کرائی پاکستانی وزارت داخلہ کی فراہم کردہ فہرست میں شامل تمام زائرین کو عراق آنے کی اجازت دی جائےگی جبکہ زائرین کو مقررہ مدت سے زائد قیام کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی، محسن نقوی نے کہازائرین کی فیسیلیٹیشن اور موثر نگرانی کیلئے دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے قریبی رابطے میں رہیں گے، پاکستانی زائرین کی سلامتی، عزت اور سہولت حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے،دونوں وزرائے داخلہ نے سکیورٹی تعاون، انسداد دہشت گردی، انسانی سمگلنگ کی روک تھام اور معلومات کے تبادلے کےلئے مشترکہ میکنزم کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا، عراقی وزیر داخلہ نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا آئندہ ملاقات میں زائرین کی سہولت، سکیورٹی تعاون اور دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کا مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
محسن نقوی کی عراقی ہم منصب سے ملاقات، زائرین کی سہولت کے نئے اقدامات پر اتفاق



















